عالمی یوم انسانی حقوق پر عافیہ موومنٹ کے تحت واک کا اہتمام

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عالمی یوم انسانی حقوق پر عافیہ موومنٹ کے تحت واک کا اہتمام کیا گیا ۔واک کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے 15برسوں سے امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ امریکہ افغانستان سے با عزت واپسی کے لئے پاکستان کی مدد کا طالب ہے ۔یہ سنہری موقع ہے کہ وزیر اعظم عمران خان امریکہ سے قوم کی بیٹی واپس مانگیں ۔وہ نیپا چورنگی پر واک کے شرکاء سے خطاب کررہی تھیں۔اس موقع پرشرکاء نے عافیہ کی تصاویر ،پلے کارڈ اور ان کی جلد وطن واپسی کے مطالبات پر مشتمل بینرز اٹھا رکھے تھے ۔ واک میں مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں ،انسانی حقوق کی تنظیموں ،طلبہ ،مزدور اور وکلاء نمائندوں نے شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ آج عالمی دن پر وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری عافیہ پر مظالم اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں پر اقوام عالم کے سامنے صدائے احتجاج بلند کریں ۔ حکومت نے امریکی صدر کے خط کے جواب میں اپنی پوزیشن بہتر بنائی اور دنیا بھر میں پاکستان کی اخلاقی ساکھ بحال ہوئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ افغانستان سے نکلنے کے لئے ہاتھ پاؤں مارہا ہے۔ یہ بہترین موقع ہے کہ ہم امریکہ سے جو بھی مدد و تعاون کا فیصلہ کریں اس میں ڈاکٹر عافیہ کی غیر مشروط رہائی اور وطن واپسی کو سر فہرست رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ عائشہ فاروقی رپورٹ میں عافیہ پر امریکی مظالم بے نقاب ہوچکے ہیں۔ عافیہ پر مذہب تبدیل کرنے کے لئے دباؤ ظالمانہ سلوک ہےاس پر انسانی حقوق کے ادارے چپ کیوں ہیں؟۔ ریاست کا فرض ہے کہ وہ اپنے شہریوں بالخصوص خواتین کی عزت و وقارکا تحفظ کرے ۔ قوم مو جودہ حکمرانوں سے عافیہ کی واپسی کی خوشخبری سننے کی متمنی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عافیہ کی واپسی کے سلسلے میں جو بھی پیش رفت ہورہی ہے حکومت قوم اور عافیہ کی فیملی کواس سے آگاہ کرے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More