تجاوزات آپریشن متاثرین کے نقصانات پر کمیٹی بنانے کی ہدایت

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے تجاوزات آپریشن متاثرین کے نقصانات پر کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی اور کہا ہے کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی ،حکومت کا وژن بےگھر افراد کو گھر فراہم کرنا ہے، انسداد تجاوزات مہم میں جن کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، ان کا ازالہ کریں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنرہاؤس کراچی میں ملاقات کرنے والے تاجروں، صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین سلیمان مہدی سمیت دیگر عہدیداران، اسٹاک بروکرز، وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت اورایوان صنعت وتجارت کراچی کے عہدیداران، سراج قاسم تیلی، طاہر خالق، ہارون آگر، شمیم فرپو، جنید اسمعیل ماکڈہ،عقیل کریم ڈھیڈی اور دیگرتاجر نمائندے شامل تھے۔اس موقع پر گورنر عمران اسماعیل، وزیرِ خزانہ اسد عمر، وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی، خسرو بختیار اور فیصل واوڈا بھی موجود تھے۔اسٹاک ایکسچینج کے وفد نے مالیاتی استحکام کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں ،جن میں سے بیشتر منظورکرلی گئیں۔وفد کی طرف سےحکومت کی مالیاتی پالیسی پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ،جبکہ ٹیکس بیس کو بڑھانے، اسٹاک مارکیٹس میں IT کے استعمال، غیر قانونی ادائیگیوں کی روک تھام پر اتفاق کیا گیا۔ کراچی کی صنعتوں کو گیس کی فراہمی، بجلی چوری کی روک تھام،برآمدات میں اضافہ اور Small & Medium Enterprises پر بھی مشاورت کی گئی ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت صنعتوں کے فروغ سے بیروزگاری کا خاتمہ کرے گی۔ درآمدات اور برامدات میں فرق کو کم کرینگے۔تاجروں کی تجاویز پر ایف بی آر کے ریوینیو اور پالیسی ونگز کو الگ کر دیا گیا ،تاکہ منصوبہ بندی اور عمل درآمد مؤثر طور پر ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پوری مالیاتی ٹیم کے ساتھ آیا ہوں ،تاکہ کاروباری افراد کے مسائل سن سکوں اوران کا فوری حل نکالا جاسکے۔ ملک اسی وقت ترقی کرے گا، جب کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کا مکمل خاتمہ کریں گے، بہت جلد اس مشکل وقت سے نکل آئیں گے۔ ہمارے ملک میں کسی چیز کی کمی نہیں، صرف سرمایہ کار دوست ماحول کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر وزیرِ خزانہ اسد عمر نے کہا کہ صنعت کار معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہیں، انھیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔عقیل کریم ڈھیڈی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور وزیر خزانہ کی جانب سے اسٹاک ایکس چینج میں بہتری سے متعلق مسائل اورتجاویزپر غوراورانہیں حل کرنے کے عندیے سے مارکیٹ پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت کی سمت درست ہے ،لیکن اعتماد کا فقدان ہے تاجروصنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے۔صدر کراچی چیمبر جنید اسماعیل ماکڈہ نےبتایا کہ وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ 50 سال پرانی لیز والوں کے لئےپٹیشن دائر کی جائے گی ، ہم نے ملکی معیشت کے حوالے سے بات کی اورچھوٹے تاجر کو نقصان کے حوالے سے بھی بریف کیا، ایف بی آر کے معاملے پر وزیر اعظم نے ریفارمز کی یقین دہائی کرائی ہے،کراچی چیمبر نے گیس کی کمی کے معاملے کو بھی اٹھایا، اوروزیراعظم کوبتایا کہ گیس بند کرنے سے صنعتیں بند ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ چیمبر حکومت کی معاشی پالیسی سے مطمئن ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More