4 ماہ بعد پہلی قانون سازی میں قومی اسمبلی کامیاب
اسلام آباد ( نمائندہ امت ) اگست میں بننے والی قومی اسمبلی نے 4 ماہ بعد پہلی قانون سازی کرلی۔ سینیٹ سے منظور کردہ بل تمباکو نوشی بچگان مغربی پاکستان تنسیخی بل 2018 پارلیمانی سیکریٹری ڈاکٹر نوشین حامد نے پیش کیا۔ بل متفقہ طور پر منظور کیا گیا جس کے ساتھ ہی قومی اسمبلی میں پہلی قانون سازی ہوئی۔ قومی اسمبلی میں حکو مت اور اپوزیشن کے اراکین کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلے پرسپیکر نے چھیڑ چھاڑ کرنے والے ارکان کیخلاف ایکشن لینے کی دھمکی دے دی۔ حکومت کیجانب سے بل پیش کرنے پر پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر نے کہا کہ بد قسمتی سے 4ماہ بعد ابھی تک قائمہ کمیٹیاں نہیں بن سکیں۔اس دوران شازیہ مری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سے کہا جا رہا ہے کوئی مسودہ قائمہ کمیٹیوں کو نہ بھیجیں ، یہ نئی روایت قائم کی جا رہی ہے کہ قائمہ کمیٹی کو بھیجے بغیر بل پاس کرلیں۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن سے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہا طریقہ کار پہلے والا ہی ہے لیکن اس بل پر حمایت کی جائے۔ اپوزیشن ارکان نے وزیر خارجہ کی درخواست پر بل کی مخالفت نہیں کی، پیپلزپارٹی نے بل پر دی گئی ترامیم بھی واپس لے لیں۔اس بل کی منظوری کے بعد جب حکومت نے سینما گھروں میں تمباکو نوشی کی ممانعت سے متعلق مغربی پاکستان تنسیخی بل 2018بھی پیش کیا تو پیپلزپارٹی کے سید نوید قمر نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ابھی کہا تھا کہ اسے روایت نہ بنائی جائے لیکن حکومت کے کس وعدے پر اعتبار کریں؟اپوزیشن کے اعتراض کے بعد حکومت نے بل واپس لے لیا اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کا مؤقف تسلیم کرتے ہوئے بل واپس لیتے ہیں۔دریں اثنا قومی اسمبلی کے ا جلاس میں جب اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو لایا گیا تو اس موقع پر راجہ ریاض اور سہیل تنویر کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا،جب راجا ریاض نے کہا کہ کہتے ہیں شیر آیا شیر آیا جب کہ حقیقت میں یہ ایک زخمی شیر ہے۔ راجہ ریاض کے ان الفاظ پر ایوان کا ماحول کشیدہ ہو گیا اور ن لیگ کے رہنما رانا تنویر نے راجہ ریاض کو جواب دیا کہ یہ چمچہ بات کس کی کر رہا ہے؟ قومی اسمبلی میں ماحول خراب ہونے پر اسپیکر اسد قیصر برہم ہو گئے اور اراکین اسمبلی کو وارننگ جاری کر دی۔اسپیکر نے تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک کو بھی وارننگ جاری کی انہوں نے کہا کہ یہ ٹھیک نہیں میں سب کے خلاف ایکشن لوں گا۔ اجلا س میں سابق وفاقی وزیر جام معشوق علی کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور رکن قومی اسمبلی مولانا عبدلواسع نے دعا کرائی۔پا رلیمانی سیکرٹری عندلیب عباس نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ 15ایم او یوز سائن ہوئے ہیں جبکہ زراعت کے معاملے پر چین کے سا تھ مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔ وزیرا برا ئے انسانی حقو ق شیر ی مزاری نے کہا کہ بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کرتے ہیں کیونکہ ناصر داوڑ کی سندھ میں داخلے پر پابندی کو بلاول بھٹو نے ختم کرایاانہوں نے کہا کہ لوگوں کے جائز مطالبات تسلیم کرنا حکومت کا فرض ہے۔ رکن پارلیمنٹ کا وقار ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اس ملک میں جمہوریت اور قانون کی پاسداری ہوگی۔قبل ازیں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچایا گیا۔ اسلام آبادانتظامیہ نے منسٹر انکلیو میں شہباز شریف کے گھر کو سب جیل قرار دے دیا ہے۔قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔