دنیا کاآدھا اسلحہ امریکی صنعتوں کی پیداوار
اسٹاک ہوم(امت نیوز) دنیا بھر کا آدھا اسلحہ اور اس سے متعلق ساز و سامان امریکی کمپنیاں تیار کرتی ہیں۔ اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ ( SIPRI) نے 100 بڑی اسلحہ ساز کمپنیوں کے نام کے ساتھ تازہ رپورٹ جاری کی ہے۔سپری نے دعویٰ کیا ہے کہ 2017ء میں 2.5فیصد اضافے کے ساتھ 398.2بلین ڈالر مالیت اسلحے کی خرید و فروخت ہوئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 100بڑی اسلحہ ساز کمپنیوں میں 47امریکی ہیں جو دنیا بھر میں اسلحے کی نصف تعداد تیار کر رہی ہیں جب کہ ٹاپ 10اسلحہ ساز کمپنیوں میں بھی 5 امریکی ہیں۔ لاک ہِیڈ مارٹن اول نمبر پر براجمان ہے جس نے 44بلین ڈالرز کا کاروبار کیا۔دفاعی ساز و سامان کی تیاری میں روس نے برطانیہ سے اعزاز چھین کر دوسرے نمبر پر قدم جما لیے۔ تیزی سے ترقی کے منازل طے کرنے والی روسی کمپنی ’الماز آنتے‘ پہلی بار 10بڑی اسلحہ ساز کمپنیوں میں شامل ہوئی۔ برطانیہ بدستور مغربی یورپی ممالک کو اسلحہ فراہم کا سب سے بڑا ملک ہے۔ اس دوڑ میں اسرائیل نے بھی اپنی پوزیشن بہتر کر لی ۔مسلمان ممالک میں ترک اسلحہ ساز کمپنیوں نے حیران کن نتائج دے کر خریداروں کو اپنی جانب متوجہ کر لیا۔ ترکی نے اسلحے کی فروخت کو 2016ء کے مقابلے میں 2017ء میں 27 فیصد کے اضافے پر پہنچا دیا ۔