چارسدہ؍پشاور؍سوات؍پاراچنار(نمائندگان امت)خیبر پختون پیر کو دھاندلی کے شور سے گونجتا رہا ۔ اے این پی، نواز لیگ ،پیپلز پارٹی،قومی وطن پارٹی،مجلس عمل،جے یو پی و دیگر جماعتوں کے تحت احتجاجی مظاہرے ہوئے ۔ اس موقع پر مقررین نے ریاستی اداروں اور الیکشن کمیشن پر کڑی تنقید کرتے ہوئے دھاندلی کے الزام لگائے۔ ملوث اہلکاروں کو گھر بھیج کر دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف عوامی نیشنل پارٹی نے تحت چارسدہ میں بڑے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے مرکزی صدر اسفند یار ولی خان نے ملک میں دوبارہ آزادانہ و غیر جانبدارانہ انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کسی بھی طرح اپنے دامن پر لگا داغ دھوئیں ،دھاندلی میں ملوث اہلکاروں کو گھر بھیجیں ۔انہوں نے کہا کہ بات بات پر سوموٹو نوٹس لینے والی عدلیہ بھی اب خاموش ہے ۔رمضان میں تمام سیاسی جماعتوں کے وفد نے الیکشن کمشنر سے ملاقات کی تھی۔ کسی بھی پارٹی نے فوج کو اختیار دینے کا مطالبہ نہیں کیا تھا ۔ الیکشن میں فوج کس کے کہنے پر آئی؟۔انہوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے فارم 45 ویب سائٹ پر ڈالنے کا اعلان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ ایجنٹ کے دستخط کے بغیر جاری فارم 45 کی کوئی اہمیت نہیں۔عوامی نیشنل پارٹی بنوں کے تحت مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پہلی بار ایک مخصوص جماعت کو اقتدار میں لانے اور عمران خان کو وزیر اعظم بنانے کیلئے ملکی وقار کو داؤ پر لگا دیا گیا۔ ایسا ہی کرنا تھا تو انتخابات کرانے کی کیا ضرورت تھی۔جانبداری کا مظاہرہ کرکے مشرقی پاکستان جیسے حالات پیدا کئے جا رہے ہیں۔پشاور میں مظاہرین سے خطاب میں عاقل شاہ ، ارباب طاہر و خاتون رہنما شگفتہ نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں اے این پی کو جان بوجھ کے ہرایا گیا۔دھاندلی زدہ انتخابی نتائج مسترد کرتے ہیں۔اس موقع پر عمران خان کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی ۔ ضلع مہمند میں عوامی نیشنل پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام مظاہرے کے مطابق پشاور باجوڑ مین شاہراہ بند کر دی۔باجوڑ کے صدر مقام خار میں بھی مظاہرہ کیا گیا۔نوشہرہ آل پارٹیز کی کال پر نوشہرہ شوبرا چوک میں احتجاجی مظاہرے میں اے این پی، نواز لیگ ،پیپلز پارٹی،قومی وطن پارٹی اور ایم ایم اے کے کارکن شریک ہوئے ۔
٭٭٭٭٭
کراچی(اسٹاف رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف کراچی پریس کلب پر پیر کو احتجاجی مظاہرہ کیا ۔عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے الیکشن نتائج کو مسترد کرتے ہوئے حکومتی نظام جام کرنے کی دھمکی دیدی ۔مظاہرین سے خطاب میں شاہی سید نےانتخابی نتائج کو سلیکشن اور انتخابی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہمیں منظور نہیں۔ انتخابی دھاندلی کے خلاف بھر پور احتجاج کرتے رہیں گے نہ صرف دھرنا دیں گے ،بلکہ حکومتی نظام کو جام کر دیں گے۔ الیکشن کمیشن اور نگران حکومت نے سوالیہ نشانات چھوڑے ہیں۔ سپریم کورٹ موجودہ الیکشن کے خلاف بھی از خود نوٹس لے۔مزید ظلم زیادتی برداشت نہیں کریں گے۔بلیک میل کیلئے رچایا گیا ڈرامہ بند کیا جائے۔ملک میں پختون کی بقا نہیں ۔بے گناہ پختونوں کو مارا گیا، آخر یہ سلسلہ کب تک برداشت کیا جائے گا۔ ماضی میں ہم نے ہمیشہ شکست قبول کی اور عدلیہ اور اعلیٰ اداروں کا احترام کیا۔ ہمیں فریاد کرنے پر وطن کا غدار کہا جاتا ہے ۔ ہمارے پارٹی کے لوگوں کو شہید کیا گیا۔ ہم پاک فوج کی عزت کرتے ہیں۔
٭٭٭٭٭