بلوچستان عوامی پارٹی نے جام کمال کو وزیراعلیٰ نامزد کردیا

0

کوئٹہ(نمائندہ خصوصی) بلوچستان نیشنل پارٹی(عوامی) نے صوبے میں حکومت بنانے کیلئے بی اے پی کی حمایت کا اعلان کر دیا، جسکے بعد بلوچستان عوامی پارٹی کے حامی ارکان کی تعداد 25 ہو گئی۔ وزارت اعلیٰ کے منصب کیلئے سیاسی جماعتوں کی کوششیں بھی تیز ہو گئی ہیں۔ پی اے پی نے پارٹی سربراہ جام کمال کو وزیر اعلیٰ کیلئے نامزد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق صدر بی اے پی جام کمال اور بی این پی (عوامی) کے نائب صدر احسان شاہ نےیہاں پریس کانفرنس کی۔ جس میں بی این پی(عوامی)نے بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت کا اعلان کیا، 2 ارکان کی حمایت کے بعد بی اے پی کو صوبے میں 25 ارکان کی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔ اب حکومت بنانے کیلئے بلوچستان عوامی پارٹی کو صرف ایک رکن درکار ہے۔ اس موقع پر جام کمال عالیانی نے کہا ہے کہ ہمارا بی این پی(مینگل) اور ایم ایم اے سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطہ ہے۔ قبل ازیں بلوچستان عوامی پارٹی کا اجلاس مقامی ہوٹل میں ہوا، جس میں متفقہ طور پر پارٹی سربراہ جام کمال کو وزیر اعلیٰ کے منصب کیلئے نامزد کیا گیا۔ اس موقع پران کا کہنا تھا کہ بی اے پی مرکز میں تحریکِ انصاف کی حمایت کرتی ہے، ہمارا سینیٹ انتخابات میں اتحاد کا اچھا تجربہ رہا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا آئینی حق ہے کہ وہ جسے چاہے گورنر مقرر کرے، تاہم ہماری خواہش ہے کہ ایسا گورنر مقرر کیا جائے ،جس سے ہماری بات چیت کا سلسلہ ہو۔واضح رہے کہ اے این پی کے 3، ایچ ڈی پی کے 2 اور 3 آزاد امیدوار بھی بی اے پی کی حمایت کر چکے ہیں۔ ادھر بی این پی (مینگل)کے ایک رہنما نے بتایا ہے کہ پارٹی کی مرکزی کابینہ اور نو منتخب ارکانِ اسمبلی کا اجلاس ہوا ہے، آج پریس کانفرنس میں لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More