اداروں کی مداخلت نے جیتنے والوں کو بھی شرمسار کیا۔سراج الحق
لاہور(خبر ایجنسیاں)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کو اپنے پہلے 100 دنوں کے پروگرام پر عملدرآمد کا پورا موقع دیا جائے گا۔شدید تحفظات کے باوجود ہم چاہتے ہیں کہ نئی حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے۔اداروں کی غیر قانونی مداخلت نے رائے عامہ کو متاثر کیاجس نے جیتنے والوں کو بھی شرمسار کردیاہے ۔ہم پورے وقار کے ساتھ اپوزیشن میں بیٹھیں گے اور حکومت کی ہر اچھے کام پر تعریف اور غلط کام کی گرفت کریں گے ۔ ہم عمران خان کی طرف سے پاکستا ن کو مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے ، سود کے خاتمہ ، اسلامی نظریاتی کونسل کے فیصلوں پر عملدرآمد ، مہنگائی کے خاتمہ ، ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے ،معیشت کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے چنگل سے آزاد کرانے اور پچاس لاکھ بے گھروں کو چھت مہیا کرنے کے وعدوں کی تکمیل چاہتے ہیں۔ کشمیر کی آزادی تک بھارت سے تجارت کا پاکستان کو نقصان ہوگا۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن میں بے ضابطگیوں اور دھاندلی کے خلاف الزامات کے لیے کمیشن تشکیل دیا جائے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکزی مجلس عاملہ کے طویل اجلاس کے بعد منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔