قاتل کو عمر قید – 26 لبیک کارکنوں کی ضمانت

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پولیس اہلکار مقصود کے قتل سے متعلق کیس میں جرم ثابت ہونے پر مجرم محمد ریحان کو عمر قید کی سزا کا حکم دے دیا۔عدالت نے مجرم پر 5لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے، جب کہ عدم ثبوت و شواہد کی بنا پر ملزم علی ارباز کو بری کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔خصوصی عدالت نے مولانا خادم حسین رضوی کی گرفتاری کے خلاف شہر میں ہنگامہ آرائی سے متعلق کیس میں گرفتار تحریک لبیک کے 26کارکنوں کو فی کس ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ضمانت منظور کرلی ہے۔ملزمان کے وکیل افضل روشن نے موقف اپنایا کہ میرے موکلوں کے خلاف مقدمات بے بنیاد ہیں۔ ضمانت منظور کی جائے۔ٹرائل کا سامنا کریں گے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف پولیس مقابلہ، جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر دفعات کے تحت بریگیڈ ، سولجر بازا اور جمشید کوارٹر تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے۔ خصوصی عدالت نے دوران ڈکیتی بچی امل عمر کی ہلاکت سے متعلق مقدمہ میں ملزم کے وکیل کو وقوعہ کی سی ڈی فراہم کرتے ہوئے سماعت 8جنوری تک ملتوی کردی ہے۔ سماعت پر جیل حکام کی جانب سے ملزم خالد کو پیش کیا گیا۔خصوصی عدالت نے سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا و دیگر کے خلاف ہنگامہ آرائی اور کارسرکار میں مداخلت سے متعلق مقدمہ کی سماعت 5جنوری تک ملتوی کردی ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More