وکلا قائد اعظم کی پیروی-اپنی روایات کی حفاظت کریں-چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ
کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمدعلی ایم شیخ نے سٹی کورٹ میں نو تعمیر عمارت میں نئی لائبریری اور نئے بارروم کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر خطاب میں چیف جسٹس نے کہا کہ بانی پاکستان بھی ہم میں سے تھے، اسی لئے وکلا کو قائد اعظم کے نقش قدم پر چلنا چاہئیے اور اپنی روایات کی حفاظت کرنی چاہئیے، سرسید احمد خان اور علی گڑھ کی تحریک کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، حسن علی آفندی سندھ کے سرسید احمد خان تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ میں ہونیوالا واقعہ افسوسناک ہے، میرے دروازے آپ کیلئے کھلے ہیں، قوموں کی تاریخ میں اداروں نے بہت کام کیا ہے۔ جسٹس محمدعلی مظہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کیس کی تیاری کیلئے نوجوان وکلا کو لائبریری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے وکلا کو نئی لائبریری اور بارروم کی مبارکباد پیش کی۔ صدرکراچی بار حیدر امام رضوی نے چیف جسٹس و دیگر ججز کا بار آمد اور تعاون پرشکریہ ادا کیا۔ ججز کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ نے ناممکن کو ممکن بنایا،ہمیں غریبوں کو انصاف دلوانا ہے اور یہ ہم ملکر ہی کرسکتے ہیں، عدلیہ مضبوط ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کی جرات نہیں کہ عدلیہ کی طرف میلی آنکھ سے دیکھ سکے،عدلیہ کو مضبوط ومستحکم دیکھنا چاہتے ہِیں،کالا کوٹ انصاف کا علمبردار ہے۔تقریب کی نظامت کے فرائض اشفاق علی گلال نے انجام دیئے۔ بعد ازاں چیف جسٹس نے نئی لائبریری اور بارروم کا دورہ کیا، انکے ہمراہ جسٹس عرفان سعادت،جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس محمدعلی مظہر اورصدر ہائیکورٹ بار محمد عاقل بھی موجود تھے۔6 منزلہ عمارت میں کراچی بار، لائبریری اور ڈسٹرکٹ ویسٹ کی 8 عدالتیں ہوں گی۔