بھارتی بالادستی قبول نہیں ہے- عزائم خاک میں ملادینگے- ایڈمرل(ر) حسینی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) رابطہ فورم انٹرنیشنل کے تحت مقامی ہوٹل میں بھارتی بین البراعظمی بلیسٹک میزائل ڈیفنس سسٹم اور خطے پر اس کے اثرات کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیاگیا ۔ سیمینار سے خطاب میں وائس ایڈمرل (ر) عارف حسینی نے کہاکہ بھارت اسلحہ حاصل کرکے خطے میں بالادستی لے کر اور اپنی طاقت منوانا چاہتا ہے ۔ اس کا ہدف پاکستان ہے، لیکن ہم بھارتی عزائم کو خاک میں ملادینگے۔ بریگیڈئیر (ر) ایڈگر فلکس نے کہاکہ بھارت نے روس سے ایس 400کا ڈیفنس ایئر سسٹم کیلئے ساڑھے5ارب ڈالر کا معاہدہ کیا ۔ رابطہ فورم انٹرنیشنل کے چیئرمین نصرت مرزا کا کہناتھاکہ بھارت نے کولڈ اسٹارٹ ڈاکٹرائن پر20ارب ڈالر خرچ کردئیے ۔ دشمن اپنی افواج کو سرحدوں پر منظم کررہا ہے،جو اس بات کا اشارہ ہے کہ بھارت پاکستان پر کسی بھی وقت حملہ آور ہوسکتا ہے۔ ایس400 کا ہدف پاکستان اور چین ہیں، لیکن یہ نظام کروز میزائل روکنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔جامعہ کراچی کے پروفیسر عدنان فاروقی نے کہاکہ بھارتی انتہا پسند مسلمانوں کو قتل اور عیسائیوں کو زندہ جلارہے ہیں لیکن عالمی طاقتیں باز پرس نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے راجھستان میں ایس 400 نظام نصب کردیا ۔ 2020 میں دونوں ملکوں کے درمیان جنگ ہوسکتی ہے۔ سمیع اللہ نے کہاکہ بھارت میزائل سسٹم پر توجہ دے رہا ہے۔ ایس 4000 کا حصول بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ امریکہ ، جاپان، آسٹریلیا کے سا تھ بھارت کا بھی دفاع کر رہا ہے۔