سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر تک قومی اسمبلی کارروائی سے اپوزیشن بائیکاٹ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے تک ایوان کی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ جب تک سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے گئے ایوان نہیں چلےگا۔جمعرات کے روز مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے تک قومی اسمبلی کی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا۔ایاز صادق نے کہا کہ ’اسپیکر سے توقع رکھتے ہیں کہ رول کے مطابق پروڈکشن آرڈر جاری کریں گے، اگر پروڈکشن آرڈر جاری نہ کیے گئے یا ان میں تاخیر کی گئی تو یہ جمہوریت کا قتل ہوگا اور ان حالات میں ایوان بیٹھنا مشکل ہے، ہم سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے تک ایوان کا حصہ نہیں بنیں گے۔ایاز صادق کے اعلان کے بعد اپوزیشن نے وفاقی وزیر شفقت محمود کے اظہار خیال کے دوران ایوان کا بائیکاٹ کردیا۔