قوم ناموس رسالتؐ کیخلاف ہر سازش ناکام بنادے گی-سراج الحق
لاہور(خبر ایجنسیاں)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ربیع الاول بھی گزر گیا، لیکن حکومت کا ریاست مدینہ کی طرف سفر شروع نہ ہوسکا۔حکومت سگریٹ پر گناہ ٹیکس لگانے کی بات کرتی ہے ، جب کہ شراب پر پابندی کے بل پر اسمبلی سے واک آؤٹ کرجاتی ہے۔یہ نظریہ پاکستان سے سرعام مذاق ہے۔حکومت بھول گئی ہے کہ اس نے عوام سے پاکستان کو اسلامی ریاست بنانے کا وعدہ کررکھا ہے۔حکومت نے 100 دن کے رزلٹ میں اپنے وزرا کو مکمل پاس دکھایا، جب کہ دوسری طرف لوگ مہنگائی اوربے روز گاری کے ہاتھوں خودکشیاں کرنے کے لیے تیار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے ضلع کونسل ہال چوک فیصل آباد میں تحفظ ناموس رسالت ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے کہا کہ کچھ لوگوں کی کوشش ہے کہ آئین سے 295سی کو نکال دیا جائے،لیکن قوم ناموس رسالتؐ کے قانون کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنادے گی۔ہمارا بچہ بچہ ناموس رسالتؐ کے تحفظ کیلئے اپنی جان نچھاور کرنے کو تیار ہے۔