آئی جی کی سیکورٹی اقدامات کو موثر بنانے کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے تمام ڈی آئی جیز کو واضح احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن وامان کی موجودہ صورتحال اور دہشت گردی کے حالیہ واقعہ کے پیش نظر اشد ضروری ہوگیا ہے کہ آئندہ پندرہ دنوں تک صوبے بھر میں سیکورٹی کے مجموعی اقدامات کو بڑھا کر تمام تر حکمت عملی اور لائحہ عمل کو مزید موثراور مربوط بنایا جائے۔انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ جرائم کے خلاف ضلعوں کی سطح پر پولیس ایکشن کو فول پروف بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ اینٹی رائٹس پلاٹونز ریپڈ ریسپانس فورس کو ہمہ وقت تیار اور مستعد رکھا جائے۔آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کیں کہ شاپنگ مالز بنکس پیٹرول پمپس تعلیمی اداروں سرکاری نیم سرکاری دفاترمساجد امام بارگاہوں مزارات اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات وغیرہ سمیت تمام حساس تنصیبات پر پہلے سے فراہم کردہ سیکورٹی کو مزید بڑھایا جائے۔ علاوہ ازیں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کراچی میں منعقدہ 24ویں سینئرمینجمنٹ کورس کی تقسیم تقریب اسناد میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے کہا کہ ہر کام کے لئے جستجو لازمی ہے محنت کے بغیر کوئی بھی کام پورا نہیں ہوسکتا ہے خرابیوں کو اچھائی سے بدلنے اور خامیوں کی اصلاح کے لیےمشترکہ کاوشیں کرنا ہونگی۔انہوں نے کہا کہ اپنے سئنیرز سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے جبکہ جونئیرز کی ہمیشہ رہنمائی کرناچاہیے۔