نواز شریف بہت جلد دوبارہ جیل میں ہونگے- فواد چوہدری
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور ن لیگ بلیک میلر ہے، راناثناءاللہ کو سب سے پہلے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر گرفتار کرنا چاہیے، بہت جلد میاں صاحب دوبارہ جیل میں ہوں گے۔ جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت نے ایک بار پھر چیئرمین پی اے سی کیلئے اپوزیشن کا ساتھ دیا، پی اے سی کے قیام کیلئے اپوزیشن غیرجمہوری ہتھکنڈوں سے پارلیمانی امور میں تعاون نہیں کررہی۔ اپوزیشن نے آج پھر سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر کے بہانے سے اسمبلی سے واک آؤٹ کیا، حزب اختلاف کے نمائندےغیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں، ان لوگوں کو جتنی بھی سہولت دے دیں یہ پھر بھی باز نہیں آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ریفرنسز آخری مرحلے میں ہیں، جلد میاں صاحب دوبارہ جیل میں ہوں گے، نوازشریف اور آصف زرداری اپنا پیسہ بچانے کیلئے شور کررہے ہیں، نواز شریف، آصف زرداری اپنی کرپشن کا پیسہ چھپانے کے لئے گرج رہے ہیں، سابقہ ن لیگ حکومت نے اداروں کا بیڑاغرق کرکے رکھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کم وولٹیج کے باعث نئی ڈسٹری بیوشن لائن ڈالی گئی ہے، کچھ روز میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں خاطر خواہ کمی آجائے گی، اس کے علاوہ وزیر خزانہ آج قطر کےدورے پر گئے ہیں، گیس بحران کے خاتمے کے لیے وزارت پیٹرولیم کام کررہی ہے جلد بحران ختم ہوجائے گا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت نے فراغ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی کا فیصلہ اپوزیشن خود کرے اور حکومت اس میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔ حکومت نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی شہباز شریف کو دینے کا فیصلہ کر کے یو ٹرن لیا ہے۔