ادھار این ایل جی کیلئے حکومت متحرک وزیرخزانہ اسد عمر دوحہ پہنچ گئے
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے قطر سےدو ارب ڈالر مالیت کی اضافی ایل این جی ادھار لینے کی کوششیں تیز کر دیں۔ اس معاملے پر پاکستان اور قطر کے حکام کے درمیان مذاکرات دوحہ میں ہوں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان پہلے ہی15 سالہ معاہدے کے تحت قطر سے4 سے5 ارب ڈالر کی ایل این جی درآمد کرتا ہے۔ نئی حکومت گیس کا بحران حل کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔دریں اثناوفاقی وزیر خزانہ اسد عمر قطر کے 2روزہ دورہ پر دوحہ پہنچ گئے۔ جمعہ کو وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق اسد عمر دوحہ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے جو 16 نومبر تک ہو گا۔ وزیر خزانہ کو ان کے قطری ہم منصب نے دورے کی دعوت دی تھی۔ وہ اپنے اس دورے میں قطر کی سینئر قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔