پڈعیدن (نمائندہ امت) کراچی سے پنجاب جانے والی بزنس ایکسپریس خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی، جبکہ ہزارہ ایکسپریس نے موٹر سائیکل روند دی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سے پنجاب جانے والی بزنس ایکسپریس اور ہزارہ ایکسپریس حادثہ سے بال بال بچ گئیں۔ پڈعیدن ریلوے پھاٹک کے درمیان گنے سے لدی ٹریکٹر ٹرالی کا ہوک اچانک ٹوٹ گیا اور اپ ڈاؤن ٹریک بلاک ہو گیا جس کے باعث نان اسٹاپ کراچی سے لاہور جانے والی بزنس ایکسپریس کو پڈعیدن ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا تاہم کافی دیر بعد لوپ لائن سے بزنس ایکسپریس کو گزار کر لاہور کے لئے روانہ کیا گیا جبکہ ریلوے انتظامیہ نے دوسرے ٹریکٹر کی مدد سے گنے کی ٹرالی کو ٹریک سے ہٹاکر ٹریک کو آدھے گھنٹہ بعد بحال کردیا پڈعیدن ریلوے تھانہ کے ایس ایچ او یونس تنولی نے میڈیا کو بتایا کہ ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور مقبول راجپر کو غفلت برتنے پر گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا اور ٹریکٹر ٹرالی کو قبضہ میں لے لیا دوسرے واقعہ میں پڈعیدن ریلوے تھانہ کی حدود کوٹ لالو ریلوے اسٹیشن کے قریب منگیا ناکا کے مقام پر کچے پھاٹک سے گزرتے ہوئے موٹرسائیکل کراچی سے حویلیاں جانے والی ہزارہ ایکسپریس کی زد میں آکر گئی موٹرسائیکل چکنا چور ہو گئی جبکہ موٹرسائیکل سوار معجزہ نا طور پر محفوظ رہا اور موقع سے فرار ہو گیا پڈعیدن ریلوے پولیس نے واقعے کا مقدمہ نامعلوم شخص کے خلاف درج کر لیا اور موٹرسائیکل کا ملبہ قبضہ میں لے لیا۔