سرگودھا میں وکلاء نے پی ایچ اے ریکارڈ جلا ڈالا-عملے پر تشدد
سرگودھا ( مانیٹرنگ ڈیسک) وکلا کی پی ایچ اے آفس میں ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں قیمتی سامان اور ریکارڈ ضائع ہو گیا۔وکلا دفتر میں سامان کی توڑ پھوڑ کے ساتھ ساتھ قیمتی سامان اڑا لے گئے۔ ریکارڈ نذر آتش کرنے کے ساتھ عملہ پر بہیمانہ تشدد بھی کیا گیا۔ دوسری جانب ترجمان پی ایچ اے کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر کے خلاف ایکشن لیا جائے گااور اس ضمن میں نقصانات کی فہرست مرتب کی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہائی کورٹ بنچ کی آڑ میں وکلا نے پی ایچ اے آفس پر چڑھائی کر دی ۔ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے نتیجہ میں پی ایچ اے دفتر میں موجود قیمتی سامان اور ریکارڈ کو شدید نقصانات کا ہوا۔ وکلا نے سی سی ٹی وی کیمرے، ریکارڈنگ ڈیوائس، ایل ای ڈی، ایل سی ڈیز اڑا لیں۔ یہی نہیں بلکہ کچن کراکری، ہیٹر، ریفریشمنٹ کا سامان، دفتری مہریں، لیپ ٹاپ، کمپیوٹر، پرنٹر، سٹینو سیٹ، واٹر ڈسپنسر ،سوینئر اور قیمتی پودے بھی لے اڑے۔انہوں نے دفتر کے دروازے، مین گیٹ اور ریکارڈ لی الماریاں بھی توڑیں جبکہ دفتر میں موجود آفس ٹیبل، کمپیوٹر، پرنٹر اور دیگر سامان کی توڑ پھوڑ بھی کی گئی اور 6 دروازے بھی مکمل طور پر تباہ کر دئیے گئے۔ہنگامہ آرائی کے دوران وکلا افسران کی کرسیوں پر وکلا سیلفیاں بناتے رہے جبکہ طیب شیرازی آفس ٹیبل پر محو رقص رہا ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ہنگامہ آرائی کرنے والوں نے افسران کے دفاتر کے باہر نصب نیم پلیٹیں توڑ دیں اور بعد میں وہ ان پر ناچتے رہے، مزید ہنگامہ آرائی کے دوران عملے کو بری طرح زد و کوب اور افسران سے بدتمیزی کی گئی جبکہ قیمتی پودوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا ۔اس حوالے سے ترجمان پی ایچ اے نے بتایا کہ نقصانات کی مکمل فہرست مرتب کی جا رہی ہے، دفتر میں ہنگامہ آرائی کرنے والوں کیخلاف حتمی فہرست مرتب کرنے کے بعد ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔