پالیسی اختیار ایف بی آر سے وزارت خزانہ کو منتقل کر دیا-مشیر صنعت
راولپنڈی (نمائندہ امت )مشیر صنعت و تجارت، ٹیکسٹائل اور سرمایہ کاری رزاق داود نے کہا ہے کہ نئی ٹیرف پالیسی جلد متعارف کرائی جائے گی، 34 مختلف ٹیکسوں کو کم کر کے مرحلہ وار 8 تا 10 کی سطح پر لایا جائے گا ، تجارتی پالیسی کی تشکیل میں کاروباری برادری اورچیمبر آف کامرس کی تجاویز شامل کی جائیں گی پہلے سود ن میں ایف بی آر میں اہم اصلاحات پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے،ایف بی آر سے پالیسی کا اختیار وزارت خزانہ کے پاس منتقل کیا گیا ہے ۔ ٹیکس نظام میں مزید اصلاحات متعارف کرا رہے ہیں تاکہ کاروبار آسان ہو۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ایمرجنگ پاکستان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنیادی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں تاکہ مضبوط معشیت کو ٹھوس بنیاد میسر آ سکے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول سازگار ہے ،معروف بین الاقوامی کمپنیاں، ایکسو موبل ، پیپسی، سوزوکی وغیرہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے خواہشمند ہیں جاپانی سرمایہ کاروں نے کراچی میں اسٹیل مل لگانے کی رضامندی ظاہر کی ہے۔ اس سے پہلے وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے اوورسیز ذوالفقار بخاری نے ایمرجنگ پاکستان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مراعات دے رہی ہے تاکہ وہ قانونی طریقے سے زیادہ سے زیادہ رقوم پاکستان بھیج سکیں۔