سائبیریا کی خنک ہواؤں نے کراچی کو لپیٹ میں لے لیا
کراچی( اسٹاف رپورٹر ) سائیبریا کی خنک ہوا ؤں نے کراچی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث شہر قائد میں صبح 7 بجے درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ روزگار کیلئے گھروں سے نکلنے والے بالخصوص موٹر سائیکل سوار لیدر جیکٹس، اونی سوئٹرزپہنے نظر آئے ۔گھروں میں بھی لحاف اور کمبل نکل آئے، یخ بستہ ہواؤں کے باعث نزلہ، زکام، کھانسی اور گلے کے امراض میں اضافہ ہو گیا ۔ادھر وسطی اور جنوبی پنجاب بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، دھند کے باعث ملتان خانیوال موٹر وے بند کر دی گئی ۔ملتان، خانیوال، ساہیوال، ہڑپہ، لودھراں، بہاولپور، احمد پور شرقیہ اور دیگر شہر شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو سے تین روز کے دوران بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا اور صبح کے اوقات میں کْہر پڑنے کا امکان ہے۔