لاہور(رپورٹ:نجم الحسن عارف)تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم رضوی کو دل کا دورہ پڑنےپر کوٹ لکھپت جیل سے مختصر وقت کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔اسپتال میں ان کی ای سی جی کی گئی و دیگر ٹیسٹ لیے گئے۔جناح اسپتال منتقلی کے موقع پر اہلخانہ اور کسی کارکن کو علامہ خادم رضوی سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔اطلاعات کے مطابق علامہ خادم رضوی کو ہفتہ کی رات ساڑھے 10 بجے جیل میں اچانک طبیعت بگڑنے پراسپتال پہنچایا گیا۔ڈاکٹرز نے نجی کمرے میں ان کا معائنہ کیا ۔ڈاکٹرز کی جانب سے ای سی جی و دیگر رپورٹس درست قرار دیئے جانےاور جان کو کوئی خطرہ نہ ہونے کی اطلاع پر علامہ خادم رضوی کو دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا۔علامہ خادم رضوی کو دل کا دورہ پڑنے کے کچھ دیر بعدہی اطلاع ملنے پرتحریک لبیک پاکستان کےبیسیوں کارکن جناح اسپتال پہنچ گئے۔ علامہ خادم رضوی کی روانگی کے کچھ دیر بعد بعض ڈاکٹرز نے جمع ٹی ایل پی کارکنوں کو بتایا کہ علامہ خادم رضوی کی حالت خطرے سے باہر تھی، ای سی جی کرنے کے بعد انہیں واپس جیل بھیج دیا گیا ہے ۔ تحریک لبیک کے ذرائع کے مطابق موقع پر موجود سیکورٹی حکام نے کسی کارکن کو پارٹی کے سربراہ سے ملنے کی اجازت دی نہ ان کی صحت کے بارے میں بتایا گیا ۔23 نومبر کے بعد علامہ خادم رضوی کو کسی عوامی مقام پر لایا گیا تھا۔ٹی ایل پی کی قیادت اور درجنوں کو نومبر میں آسیہ مسیح کی رہائی کے فیصلے کے بعد پرتشدد مظاہرے کرانے، امن و امان خراب کرنے، وزیراعظم ، چیف جسٹس اور آرمی چیف کو دھمکیاں دینے کے الزام میں بڑےکریک ڈاون کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔