سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت پر ایران سے احتجاج
اسلام آباد(امت نیوز)بلوچستان کے ضلع کیچ میں ایف سی کے جوانوں پرحملہ کرنے والے دہشت گرد ایران سے آئے تھے۔ حملے میں6 جوان شہید جبکہ جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ جمعہ کو ایرانی سرحد کے قریب تربت کے علاقے واکئی میں30 دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا اور فائرنگ کی تھی۔ ہفتہ کو ایرانی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی سفیر کو احتجاجی مراسلہ دیا گیا جس میں کہا گیاکہ ایف سی کے جوانوں پر حملہ کرنے والے دہشت گرد ایرانی سرزمین سے آئے تھے،ایران واقعے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نےکہا ہے کہ دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے۔کیچ میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پرحملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دشمن کی بزدلانہ کارروائیاں کسی صورت ہمارے جوانوں کے حوصلے متاثر نہیں کر سکتیں۔