برطرف وکرما سنگے دو ماہ بعد دوبارہ سری لنکن وزیرِاعظم بن گئے
کولمبو(امت نیوز) سری لنکن سپریم کورٹ کے فیصلے اور مہندا راجا پکسے کے استعفے کے بعدصدر متھری پالا سری سینا نے برطرف وزیرِاعظم رنیل وکرماسنگے کو دوبارہ ملک کا وزیرِ اعظم مان لیا اور ان سے وزارتِ عظمیٰ کا حلف لے لیا۔ وکرماسنگے نے دوبارہ عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے ٹوئٹر پیغام میں اسے پارلیمنٹ اور سری لنکن قوم کی جیت قرار دیا۔انہوں نے آئین کا دفاع کرنے اور اپنی حمایت پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔سری لنکا میں گزشتہ اکتوبر میں صدر میتھری پالا سری سینا نے وزیرِ اعظم رنیل وکرماسنگے کو اچانک برطرف کرکے ان کی جگہ سابق صدر مہندا راجا پکسے کو نیا وزیرِ اعظم مقرر کیا تھا،جس پر سپریم کورٹ نے پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے صدارتی فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے قبل از وقت انتخابات کی تیاری روکنے کا حکم دیا تھا۔بعدِ ازاں ہنگامی طور پر پارلیمنٹ کے اجلاس میں وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی،جس میں اراکین کی اکثریت نے تحریک کو کامیاب بنایا۔تاہم مہندا راجا پکسے فیصلے کیخلاف ڈٹ گئے، جس پرسیاسی جماعتوں کی لڑائی شروع ہو گئی تھی۔