پی ایس ایل فرنچائزز ٹیکس میں چھوٹ کی متمنی
لاہور (ایجنسیاں) پی ایس ایل فرنچائزز کی جانب سے ٹیکس میں چھوٹ کیلئے آئندہ ہفتے عدالت سے رجوع کئے جانے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے (آج) پیر کو حتمی فیصلہ ہوگا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ تینوں ایڈیشنز میں لاگت سے زیادہ اخراجات ہونے پر پریشان اونرز بڑی شدت سے منتظر ہیں کہ حکومت ان کی درخواست پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے ٹیکس سے چھوٹ دینے کا فیصلہ کریگی۔ پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کی ایک فرنچائز کے ذرائع نے بتایا کہ بھارت میں آئی پی ایل فرنچائزز کو 10 سال تک ٹیکس سے استثنیٰ دیا گیا تھا، پی ایس ایل کو بھی سہولت دی جائے تو مالی مسائل میں کمی ہوگی،امید ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے مثبت جواب ملے گا، دوسری صورت میں عدالت سے رجوع کرتے ہوئے اپنا موقف پیش کریں گے۔