سیاح فیملی سے بدسلوکی پر مری میں کریک ڈاؤن کے دوران 9گائیڈگرفتار
مری(نامہ نگار؍مانیٹرنگ ڈیسک) مری میں سیاح فیملی سے بدسلوکی پر کریک ڈاؤن کے دوران 9 ہوٹل گائیڈز کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلئے گئے جبکہ مرکزی ملزم تاحال فرار ہے،سیاحوں کی سہولیت اور تحفظ کے لئے ہیلپ ڈیسک بھی قائم کردیا گیا۔ سوشل میڈیا پر وڈیو وائرل ہونے پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی طرف سے سخت نوٹس لینے کے بعد راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ ،پولیس اورمری انتظامیہ سمیت مختلف حکومتی ادارے متحرک ہو گئے ،9ایجنٹس گرفتار کو کرلیا گیا، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بغیر یونیفارم اور نام پلیٹ کے ہوٹل ایجنٹس کیخلاف دفعہ 144نافذ کر دیا گیا، سیاحوں کی گاڑیوں کو روکنے اور اْن کو ہراساں کرنے والے ہوٹل ایجنٹس کو جیل جانا پڑے گا جبکہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے مری میں سول ڈیفنس اور رضاکاروں پر مشتمل پیس فورس تعینات کی جارہی ہے۔ خاتون سیاح کے ساتھ بدتمیزی کی ایف آئی آر ٹریفک وارڈن کی مدعیت میں درج کی گئی جس کے بعد 9سے زائد ہوٹل گائیڈز کو حراست میں بھی لے لیا گیا ۔پولیس نے بھی مری میں سیاحوں کے ساتھ بدتمیزی کے معاملے پر 9افراد کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر مری، ہوٹل ایسوسی ایشن، انجمن تاجران اور تمام کاروباری تنظیموں کے مشترکہ اجلاس میں ہوٹل گائیڈز کی من مانیوں اور سیاحوں کو تحفظ دینے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئی بھی ہوٹل گائیڈ یونیفارم اور نیم پلیٹ کے بغیر ڈیوٹی نہیں دے سکے گا، بصورت دیگر گائیڈ کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور ایجنٹ کسی کو بھی مخصوص ہوٹلوں کے لیے مجبور نہیں کر سکے گا۔ اجلاس میں سیاحوں کی شکایات کے ازالے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر مری امتیاز کھجی نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ مری میں سیاحوں کے تحفظ کے لیے حکمت عملی بنا لی ہے، اب کوئی ایجنٹ سیاحوں سے زبردستی نہیں کر سکے گا۔