ایگزم بنک کاسی پیک منصوبوں میں تعاون جاری رکھنے کا اعلان
اسلام آباد(نمائندہ امت) پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے(سی پیک) پر ہونے والی 8ویں جوائنٹ کوارڈینیشن کمیٹی(جے سی سی) کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستانی اعلیٰ سطحی وفد وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی خسرو بختیارکی سربراہی میں بیجنگ پہنچ گیا،جہاں دورےکےآغازپروزیرمنصوبہ بندی اور چینی ایگزیم بینک کے سربراہ کے مابین ملاقات میں پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔ چینی ایگزیم بینک کے سربراہ جانگ چینگ سونگ کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبوں کے تحت جاری منصوبوں کے باعث پاکستان ایگزیم بینک کا سرفہرست پارٹنر بن چکا ہے۔ترجمان وزارت منصوبے بندی و ترقی کے مطابق جےسی سی میں شرکت کے لیے جانے والے وفد میں چیرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ ہارون شریف، صوبائی قائدین اور مختلف وزارتوں کے اعلی حکام شریک ہیں۔ 20دسمبر کو ہونے والے جے سی سی اجلاس میں سماجی و معاشی ترقی، صنعتی تعاون، ٹرانسپورٹ، توانائی اور گوادر کے شعبے میں جاری تعاون پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ ایگزیم بنک کے سربراہ سے ملاقات میں دونوں جانب سے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ عشروں پر محیط پاک چین تعلقات سی پیک کی صورت میں مزید توانا ہورہے ہیں۔ پاکستان ایگزیم بینک کی پارٹنر شپ میں نئے منصوبے شروع کرنا چاہتا ہے۔ ایگزیم بینک کے تعاون سے ملتان سکھر، قراقرم ہائی وے اور سی پیک کے کئی منصوبے تیز رفتاری سے مکمل ہورہے ہیں۔ کرنٹ اکاونٹ خسارے پر قابو پانے اور برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔وفاقی وزیرکاکہنا تھاکہ پاکستان کے ترقیاتی بجٹ میں ایسے منصوبے شامل کئے جارہے ہیں جو ان اصلاحات کے نفاذ میں معاون ہوں۔سی پیک کے تحت 9اقتصادی زونز کا قیام پاکستان کے تجارتی خسارے پر قابو پانے میں مددگارہوں گے۔آئل اینڈ گیس سیکٹر اور دیگر کئی شعبوں میں قابل عمل منصوبے شروع کرنے پر بھر پور توجہ دی جارہی ہے۔مستقبل میں معاشی فوائد اور پاکستان کی شرح نمو بڑھانے میں مددگارمنصوبے شروع کئے جائیں گے۔ ان اقدامات سےنوجوانوں کیلئے ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کرنے اور پائیدار معیشت کو فروغ ملے گا۔ ایگزیم بینک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ان کے بینک کے تعاون سے سی پیک کے کئی منصوبے پاکستان میں جاری ہیں اور سرمایہ کاری کے لحاظ سے پاکستان ایگزیم بینک کا سرفہرست پارٹنر بن چکا ہے۔ مستقبل میں بھی پاکستان کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔ سی پیک کے جاری منصوبے پاکستان میں ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔