کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تاریخی فیصلہ کیا ہے ، جس کے تحت سندھ حکومت رواں مالی سال میں امن ایمبولینس سروس سنبھالے گی۔سروس کا 60 مکمل سامان سے آراستہ گاڑیوں سے کیا جائے گا۔اس حوالے سے پیشنٹس ایڈ فاؤنڈیشن (پی اے ایف ) کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے ، جس کے تحت یہ سروس پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ (پی پی پی) موڈ کے تحت چلائی جائے گی۔ پی اے ایف اور سندھ حکومت کے مابین معاہدہ پر پی اے ایف کے مشتاق چھاپرا اور صوبائی سیکریٹری صحت عثمان چاچڑ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں دستخط کیے۔دستخط کرنے کی تقریب میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، صوبائی مشیر مرتضیٰ وہاب ،پی اے ایف کے زاہد بشیر، امن ہیلتھ کیئر سروس کے مرتضیٰ عباس کاظمی و دیگر شامل تھے۔ اعلامیے کے مطابق وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت رواں مالی سال کے دوران امن ایمبولینس سروس سنبھالے گی اور اسے پی اے ایف کے تعاون سے کراچی میں چلائے گی۔سروس مفت اور فوری طور پر دستیاب ہوگی۔