سال نو ٹرمپ اور پیوٹن پر بھاری گزرنےکی پیش گوئی

0

سدھارتھ شری واستو
عالمی میڈیا میں مقدونیہ سے تعلق رکھنے والی نابینا خاتون بابا وانگا کی 2019ء کیلئے کئی گئی پیش گوئیوں کا چرچا ہے۔ بابا وانگا کی پیش گوئیوں کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پراسرار بیماری کے نتیجے میں مخبوط الحواس ہوجائیں گے۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن پر قاتلانہ حملہ کیا جائے گا۔ یورپ کی معیشت زمین بوس ہوجائے گی۔ جبکہ ایشیا میں آنے والے سونامی طوفان سے بھارت، جاپان، انڈونیشیا اور ملحق خطے کے کئی ممالک صفحہ ہستی سے مٹ جائیں گے۔ دنیا بھر سمیت روسی سرزمین پر شہاب ثاقب کی بوچھاڑ سے بہت زیادہ نقصان ہوگا اور ہزاروں لوگ مر سکتے ہیں۔ برطانوی جریدے ڈیلی ایکسپریس نے بابا وانگا سے منسوب باتیں اور 2019ء کے سال کے لئے کئی پیش گوئیاں شائع کی ہیں، جن کے مطابق امریکی صدر اس سال پر اسرار بیماری میں مبتلا ہو جائیں گے۔ ڈونالڈ کی قوت سماعت و شامہ شدید متاثر ہوگی اور ان کے کانوں میں گھنٹیاں بجنے کی شکایات پیدا ہوں گی۔ ان کو پاس موجود افراد کی کوئی بات سمجھ نہیں آسکے گی جس سے یہ سمجھا جائے گا کہ شاید ٹرمپ کو بہرے پن کا عارضہ لاحق ہوا ہے۔ لیکن اس بیماری کا براہ راست تعلق ٹرمپ کی دماغی صحت کی خرابی سے ہوگا جس سے ان میں کئی دماغی عوارض ابھریں گے اور وہ صحتیاب نہیں ہو پائیں گے۔ واضح رہے کہ امریکا کے درجنوں سفارت کاروں کو کیوبا کے دارالحکومت ہوانا میں ایسی ہی پر اسرار بیماری لاحق ہوچکی ہے جس کی سی آئی اے سمیت متعدد امریکی اداروں نے تحقیقات کی ہیں لیکن اس بیماری کے اسباب کے بارے میں کوئی رائے تک قائم نہیں کرسکے ہیں۔ سائوتھ چائنا مارننگ پوسٹ کا دعویٰ ہے کہ ٹرمپ کو ایسی ہی بیماری ہونے کا خدشہ ہے جس سے امریکی سفارت کار دوچار ہوئے ہیں۔ عالمی تجزیہ نگاروں کا دعویٰ ہے کہ شاید صدر ٹرمپ کو بابا وانگا کی پیش گوئی کے مطابق دماغی بیماری لگ سکتی ہے۔ واضح رہے کہ بابا وانگا کا انتقال 1996ء میں ہوچکا ہے، لیکن وہ مرنے سے پہلے کئی عشروں پر محیط پیش گوئیاں کر گئی تھیں۔ بابا وانگا کے ایک گھر میں پیش گوئیوں کی کتاب موجود ہے جس کے بارے میں عالمی ماہرین کا دعویٰ ہے کہ یہ پیش گوئیاں 85 فیصدر درست ثابت ہوتی ہیں۔ بابا وانگا کی سوانح لکھنے والے ایک صحافی کا دعویٰ ہے کہ بابا وانگا کی روحانی صلاحیتیں بیدار کرنے میں ایک طوفان کا بڑا کردار ہے جو اس وقت آیا جب بابا وانگا محض بارہ برس کی تھیں اور شدید طوفانی جھکڑ انہیں اُڑا کر نامعلوم مقام پر لے گیا تھا۔ ان کو بعد ازاں تلاش کرنے کی بھرپور کوششیں کی گئیں، لیکن وہ نہ مل سکیں۔ مگر چند ماہ کے بعد بابا وانگا واپس آگئیں، لیکن اس وقت ان کی بینائی نہیں رہی تھی۔ البتہ وہ ماورائی قوتوں کی مالک بن چکی تھیں، جن کی بنیاد پر بابا وانگا نے اہم ترین عالمی پیش گوئیاں کیں۔ برطانوی تجزیہ نگار جیمس اسٹوارٹ کا کہنا ہے کہ بابا وانگا کی جانب سے ماضی میں کی جانے والی تمام پیش گوئیاں درست ثابت ہوئی ہیں جن میں ’’نائن الیون‘‘، ’’داعش کا ظہور‘‘ سمیت برطانیہ کا یورپی یونین سے اخراج یعنی ’’بریگزٹ‘‘ شامل ہیں۔ 2019ء کیلئے ان کی پیشگوئیوں کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن پر ان کی سیکورٹی ٹیم میں شامل ایک فرد حملہ کرے گا۔ لیکن اس حملے کے نتائج کے بارے میں بابا وانگا نے ایسا کوئی اشارہ نہیں دیا ہے کہ کیا پیوٹن اس حملے میں ہلاک ہوجائیں گے یا نہیں؟

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More