ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے سابق سپہ سالار اور اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے فوجی اتحاد کا بنیادی مقصد دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے۔ یہ فوج کسی ملک، قوم، فرقے کے خلاف کارروائی کے لیے نہیں بنائی گئی۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی گزشتہ روز 5 روزہ سرکاری دورے پر 8 رکنی وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچے، کنگ خالد ائیرپورٹ ریاض پر سعودی شوریٰ کونسل کے اسسٹنٹ اسپیکر ڈاکٹر عبداللہ الثمن، سعودی سفیر نواف المالکی اور قائم مقام سفیر ذیشان احمد سمیت دیگر حکام نے پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔ چیئرمین سینیٹ اپنے وفد کے ہمراہ اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد دہشت گردی (IMCTC) کے ہیڈکوارٹر پہنچے ۔ جہاں اُن کا استقبال کمانڈر جنرل راحیل شریف نے کیا۔جنرل راحیل شریف نے اسلامی اتحاد کی کارکردگی اور اغراض و مقاصد پر بریفنگ دی۔ سینیٹ کے چئیرمین نے اپنے وفد کے ہمراہ ریاض میں قائم سعودی شوریٰ کونسل کے اسپیکر عبداللہ بن محمد الشیخ سے ملاقات کی ، جس میں پاک سعودی فرینڈ شپ گروپ کے سربراہ عبداللہ الحربی اور دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستانی عوام اور حکومت سعودی حکومت کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔بعد ازاں صادق سنجرانی نے مسک فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا۔