راولپنڈی میں سرکاری افسر کے گھر سے غیرملکی کرنسی برآمد
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) نیب نے راولپنڈی میں سرکاری افسر کے گھر چھاپے میں غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔ رقم منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر بھجوائی جاتی تھی ۔ اقوام متحدہ کے تحت چلنے والے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام ای پی آئی میں من پسند کمپنیوں کو ادویات اور ٹھیکہ دینے کے معاملے پرنیب راولپنڈی نے ای پی آئی کے اعلیٰ عہدیدار کے گھر پر چھاپہ مارا اور ایک کروڑ 88 لاکھ روپے کی نقدی برآمد کرلی۔ ذرائع کے مطابق برآمد ہونے والے پیسے ایک فارماسوٹیکل کمپنی سے کمیشن کی مد میں لئے گئے تھے۔ رقم منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک بھجوائی جاتی تھی۔ برآمد ہونے والی رقم میں نو ہزار ڈالرز 10ہزار پاؤنڈ اور مختلف غیر ملکی کرنسی شامل ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملزم کو فی الحال گرفتار نہیں کیا گیا اور نہ اس کا نام ظاہر کیا گیا ہے۔نیب نے یہ کارروائی بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام میں کرپشن کی شکایت پر کی۔