کرکٹ میں بلے سے ٹاس کی نئی تاریخ رقم
سڈنی (امت نیوز) کرکٹ کے میدان میں ہر گزرتے دن کے ساتھ جدت آتی جارہی ہے اور جنٹل مین کے اس کھیل کو ہر پہلو سے تبدیل کرنے اور اسے دورِ حاضر کے تمام بڑے کھیلوں کے ہم پلہ بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ایک ایسی ہی کوشش آسٹریلیا کی عالمی شہر یافتہ ٹی ٹوئنٹی لیگ بگ بیش (بی بی ایل) میں دیکھی گئی۔ بگ بیش لیگ کے اس میچ میں اننگز کا آغاز کرنے سے متعلق فیصلہ کرنے کے لیے ٹاس کے موقع پر سکے کی جگہ بیٹ اچھالنے کا طریقہ کار متعارف کروایا گیا۔ بگ بیش لیگ 18-2019 کے دوران برسبین ہیٹ اور ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر میتھیو ہیڈن نے بلا اچھال کر ٹاس کی۔ ٹاس کے لیے تیار کیے گئے اس خصوصی بلے کی دونوں اطراف ایک جیسی ہیں، جن پر ایک جانب فلیٹ (Flats) اور دوسری جانب روف (Roofs) لکھا ہوا ہے۔