گیس سے متعلق مقدمات جلد نمٹانے کیلئے مدعا علیہان کو نوٹس
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے صوبے میں گیس کی قلت، گیس چوری اور بلنگ سے زیر التواءمقدمات جلد نمٹانے کے لیے دائر درخواست پر رجسٹراراورسیشن ججزسمیت دیگر مدعاعلہیان کو 15 جنوری تک نوٹس جاری کردئیے۔ جمعرات کو جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں 2رکنی بنچ نے سماعت کی۔فاضل عدالت نے مدعاعلہیان کو آئندہ سماعت پر جوابات بھی داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔درخواست گزار نے اپنے وکیل کے توسط سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ہرضلع کا سیشن جج گیس چوری اور بلنگ سے متعلق کے مقدمات خود چلانے کا پابند ہے تاہم سیشن ججز نے مقدمات خود چلا کر جلد فیصلے کرنے کے بجائے مقدمات ماتحت ججوں کو بھیج دئیے ہیں، لہذا استدعا ہے کہ صوبے میں گیس کی قلت، گیس چوری اور بلنگ سے زیر التواءمقدمات جلد نمٹانے کے لیے سیشن ججوں کو احکامات جاری کیے جائیں۔ علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے 280ملازمین کو مستقل کرنے سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر سوئی سدرن گیس کمپنی ( ایس ایس جی سی) کے وکیل کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ملتوی کردی۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس گلزار احمد ،جسٹس مقبول باقر اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل بنچ کے روبرو مستقل کرنے سے متعلق ہائی کورٹ فیصلے کے خلاف ایس ایس جی سی کی جانب سے دائر اپیل کی سماعت ہوئی۔