عمارت کی چھت سے گر کر نوجوان جاں بحق-ندی کے قریب لاش ملی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر میں عمارت کی چھت سے گر کر نوجوان جاں بحق ہو گیا، جبکہ اسٹیل ٹاؤن سے 30سالہ نامعلوم نشئی کی لاش ملی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پریڈی کے علاقے صدر عبداللہ ہارون روڈ پر واقع سٹی موبائل مارکیٹ سے متصل عمارت کی چھت سے پراسرار طور پر گر کر ایک نامعلوم نوجوان شدید زخمی ہوگیا، جسے فوری سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اس نے دم توڑ دیا۔ پولیس نے بتایا کہ متوفی کی عمر 23 سال کے قریب ہے، جس کی لاش سرد خانے منتقل کردی گئی ہے۔ اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود ندی کے قریب سے 30سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، جس کی اطلاع پر پولیس نے اسے ریسکیو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال پہنچایا۔ ایس ایچ او راؤ رفیق کا کہنا ہے کہ متوفی نشے کا عادی تھا اور بجلی کا تار چوری کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے موقع پر مرگیا۔ پولیس نے لاش شناخت کیلئے سرد خانے میں رکھوادی ہے ۔