آفتاب پٹھان سےآئی جی کےعہدے کاعارضی چارج واپس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نے آئی جی کے عہدے کا عارضی چارج آفتاب پٹھان سے واپس لیکر ولی اللہ دل کو دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔آئی جی سندھ کلیم امام 18 سے 23 دسمبر تک کورس و سیمینار میں شرکت کیلئے دبئی گئے ہوئے ہیں۔ان کی6 روز کی رخصت کے باعث آئی جی آفس کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹریننگ آفتاب احمد پٹھان کو آئی جی کا عارضی چارج دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا تھا جبکہ گزشتہ روز ایس اینڈ جی اے ڈی کی جانب سے اس حوالے سے سی پی او آفس کے نوٹیفکیشن کو منسوخ کرکے ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ ولی اللہ دل کو عارضی طور پر آئی جی سندھ پولیس کے عہدے کا چارج دےدیا گیا۔ اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کی آج ممکنہ گرفتاری کو مدنظر رکھتے ہوئے آفتاب احمد پٹھان سے آئی جی کے عہدے کا عارضی چارج بھی واپس لیا گیا ہے۔ آفتاب پٹھان کا شمار سیاسی اثر و رسوخ وغیرہ سے پاک افسران میں ہوتا ہے۔جبکہ اس ضمن میں سرکاری ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ولی اللہ دل کو آئی جی کے عہدے کا چارج دینے کی منظوری دی تھی لیکن سی پی او آفس نے خود آفتاب احمد پٹھان کو چارج دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا۔