بلدیہ انسپکٹر کی 5 ہزار بھتہ نہ دینے پر مارکیٹ گرانے کی دھمکی

0

کراچی(رپورٹ:محمد نعمان اشرف)بلدیہ انسپکٹر نے لسبیلہ میں تجاوزات آپریشن کے دوران 5 ہزاربھتہ نہ دینے پر نسیم کلاتھ مارکیٹ گرانے کی دھمکی دیدی ۔ذرائع کے مطابق اینٹی انکروچمنٹ عملے نے تجاوزات آپریشن کمائی کا ذریعہ بنالیا۔انسداد تجاوزات عملے نے لسبیلہ مارکیٹ میں ٹھیلے،پتھارے و دیگر تجاوزات چھوڑ کر قانونی مارکیٹ کی طرف رخ کرلیا۔مذکورہ آپریشن شرقی کے سب انسپکٹر اظہر مسعودی کی نگرانی میں کیا جارہا ہے۔انسداد تجاوزات عملے نے مذکورہ کپڑا مارکیٹ میں دکانداروں کے دستاویزات چیک کیئے تاہم عملے کا کہنا ہے کہ مذکورہ دکانیں غیر قانونی طور پر قائم کی گئی ہیں جس کے باعث ان دکانوں کو مسمار کرنا ہو گا۔امت کو دکاندار نے بتایا کہ یہ جگہ حاجی اشفاق نامی بلڈر کی ہے جس میں دکاندار گزشتہ 35سال سے کاروبار کررہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ مارکیٹ میں 13دکانیں ہیں۔ جب کہ تجاوزات خاتمے کے لیے دکانداروں نے انکروچمنٹ عملے کو متعدد درخواستیں لکھیں۔ انسداد تجاوزات عملے کے آنے پر تاجروں نےتجاوزات کی نشاندہی کی تھی۔ لیکن کے ایم سی کے بیٹرز نے مارکیٹ کو مسمار کرنے کہا تو تاجروں نے احتجاج شروع کردیا جس پر ضلع شرقی کے سب انسپکٹر اظہر مسعودی نے تاجروں سے ملاقات کی اور کہا کہ اگر دکاندار 5ہزار روپے دینگے تو دکانیں محفوظ رہیں گی ورنہ مارکیٹ مسمار کردی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ بلدیہ انسپکٹر کی دھمکی پر تاجروں نے ڈائریکٹر انکروچمنٹ بشیر صدیقی سمیت دیگرافسران کو درخواست میں بتایا کہ ہمارے پاس دکان کی خریدو فروخت کے معاہدے سمیت ماہانہ رسیدیں اور عمارت کا نقشہ بھی موجود ہے۔اور تمام قانونی دستاویزات موجود ہیں۔اس حوالے سے امت کو ڈپٹی ڈائریکٹر شرقی امین لاکھانی نے بتایا کہ میں نے نسیم کلاتھ مارکیٹ کے دکانداروں سے ملاقات کی ہے لیکن ان کے پاس کسی قسم کے قانونی دستاویزات موجود نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ دکاندار صرف کرائے کی پرچیاں دکھارہے ہیں تاہم مذکورہ مارکیٹ کے بلڈر حاجی اشفاق سے بھی ہم نے رابطہ کیا ہے جو ہمیں کسی قسم کے دستاویزات دینے کو تیار نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ فی الحال مارکیٹ میں کسی قسم کا آپریشن نہیں کیا جارہا ہے تاہم ایک دو روز میں اگر دستاویزات نہ سامنے لائے گئے تو مارکیٹ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ کہا کہ سب انسپکٹر اظہر مسعودی لسبیلہ نسیم کلاتھ مارکیٹ میں تعینات نہیں ہیں ۔میں تاجروں سے گزارش کرتاہوں کہ سب انسپکٹر اظہر مسعودی کے خلاف ثبوت فراہم کریں میں ان کے خلاف کارروائی کروں گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More