ایرانی جاسوسوں کو پاکستانی دستاویز دینے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن – 2 افسرگرفتار

0

کراچی( رپورٹ : عمران خان ) ایف آئی اے نے ایرانی جاسوسوں کو جعلی قومی شناختی کارڈز اور پاسپورٹ جاری کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 2 نادرا افسرگرفتار کرلئے ۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے جمعرات کی شب بحرین سے ڈیپورٹ ہوکر آنے والے12ایرانی شہریوں سے تفتیش کے بعد نادرا کے 6افسران کے خلاف مقدمہ درج کر لیا،جب کہ 2نادرا افسران کو گرفتار کرکے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل میں منتقل کردیا گیا۔ مقدمے میں نامزد دیگر 4نادرا افسران کی گرفتاریوں کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ ایرانی شہریوں کو پاسپورٹ جاری کرنے والے پاسپورٹ آفس کراچی کے افسران کے خلاف بھی تحقیقات شروع کردی گئیں۔اس ضمن میں موصول ہونے والی اطلاعات میں معلوم ہوا ہے کہ چند روز قبل پاکستانی پاسپورٹ پر ویزے لے کر بحرین پہنچنے والے 12 ایرانی باشندے جاسوسی کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے ۔ نادرا اور پاسپورٹ حکام کی جانب سے جعلی دستاویزات جاری کرنے سے بیرون ملک پاکستان کا امیج تباہ ہوا ۔بحرین نے ایرانی جاسوسوں سے جعلی پاکستانی دستاویزات برآمد ہونے کے بعد پاکستان کی افرادی قوت کو ویزوں میں کمی پر غور شروع کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بحرین سے ڈیپورٹ ہونے والے 12ایرانی باشندوں کو ایف آئی اے حکام نے حراست میں لیکر تحقیقات شروع کیں تو معلوم ہوا کہ مذکورہ 12ایرانی باشندوں میں سے6ایرانی باشندے کوئٹہ ایئر پورٹ سے، جبکہ 6کراچی ایئر پورٹ سے بحرین روانہ ہوئے تھے۔ یہ ایرانی شہری غیر قانونی طریقے سے پاکستان میں انسانی اسمگلروں کے ذریعے داخل ہوئے تھے، جنہوں نے یہاں پر ایجنٹوں کے ذریعے بھاری رشوت کے عوض نادرا افسران کی ملکی بھگت سے پہلے شناختی کارڈز بنوائے اور اس کے بعد انہوں نے ان شناخت کارڈز پر پاسپورٹ آفس کے کرپٹ افسران کے ذریعے پاسپورٹ حاصل کئے اور بعد ازاں ایجنٹوں کے ذریعے ان پاسپورٹوں پر ویزے لگوائے، جس کے لئے انہیں پاکستانی شہری ظاہر کیا گیا ،ایف آئی اے کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ غیر قانونی طور پر ایرانی شہریوں کے پاکستان آنے کے بعد انہیں قومی شناختی کارڈز سے لے کر پاسپورٹ اور برتھ سرٹیفکیٹ بنواکر دینے والا نیٹ ورک سرگرم ہے جس کے ایجنٹ نادرا اور پاسپورٹ افسران کو بھاری رشوت کے عوض کام کرواتے ہیں ۔ایف آئی اے کو وفاقی وزارت داخلہ سے بھی یہی ہدایات جاری کی گئیں ہیں، ان تمام ایجنٹوں اور سرکاری افسران کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف مقدمات قائم کئے جائیں، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایک مقدمہ کوئٹہ میں گزشتہ روز درج کیا گیا تھا، تاہم کراچی میں کارروائی کو جمعرات کے روز آگے بڑھایا گیا ،اس ضمن میں ’’امت‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایف آئی اے منیر شیخ نے بتایا کہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل میں ایرانی شہریوں کو پاکستانی جعلی دستاویزات بنا کر دینے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے، جس میں پہلا مقدمہ جمعرات کو درج کرکے 6نادرا افسران نامزد کئے گئے ہیں، جن میں ڈیٹا آپریٹر سے لے کر سپروائزری افسران تک ملزمان شامل ہیں، ان میں سے دو کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی ہے ۔ ایرانی شہریوں کو پاسپورٹ جاری کرنے والے پاسپورٹ آفس کے افسران کے خلاف بھی انکوائری شروع کردی گئی ہے۔ دریں اثنا جعلی کمپنیوں کے ذریعے درآمدات اور برآمدات کی آڑ میں اربوں روپے حوالہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک منتقل کرنے کی تحقیقات میں ایف آئی اے سندھ زون نے ایم اے جناح روڈ پر گل پلازہ کی دوسری منزل پر چھاپہ مار کر گل پلازہ کے شاپ کیپر ایسوسی ایشن کے صدر ابو طالب اور ان کے دوبیٹوں دانش اور طلحہ کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق مذکورہ ملزمان کے حوالے سے خفیہ اطلاع ملی کہ ملزمان غیر قانونی طریقے سے رقوم چین منتقل کرتے رہے ہیں اور اس سلسلے میں جب ایف آئی اے کی ٹیم اسسٹنٹ ڈائریکٹر رؤف شیخ کی سربراہی میں گل پلازہ کی دوسری منزل پر پہنچی تو وہاں موجود دکانداروں نے ایف آئی اے ٹیم کو زدوکوب کیا اور نعرے بازی شروع کردی، جس پرسیکورٹی کے لئے رینجرز کو طلب کیا گیا تاہم گل پلازہ کے دکانداروں نے نعرے بازی جاری رکھی اور دکانیں بند کردیں، تاہم ایف آئی اے کی ٹیم نے تینوں ملزمان کو فرار ہونے کا موقع نہیں دیا اور دھکم پیل کے دوران تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے اپنے ہمراہ لے گئے۔ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ تینوں ملزمان سے دستاویزات طلب کی جائیں گی اور ان دستاویزات کی فارنسک جانچ کی جائے گی ۔ ملزمان گزشتہ 15برس سے مارکیٹ میں کام کر رہے تھے اور ملک میں کھلونوں کی درآمدات اور فروخت کے حوالے سے ان کا کام وسیع پیمانے پر پھیلا ہوا ہے جس میں یہ دیگر تاجروں کو بھی معاونت فراہم کرتے رہے ہیں ، اس ضمن میں ایف آئی اے ذرائع کا کہنا تھا کہ ملزمان کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی آڑ میں درآمدات کی دستاویزات اور ریکارڈ کو آگے پیچھے کرنے کی کوشش کی گئی تھی تاہم بعدازاں ایف آئی اے نے رینجرز کے پہنچنے کے بعد تفصیلی تلاشی میں یہ ریکارڈ بھی بر آمد کر لیا تھا۔دوسری کارروائی میں ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کی ٹیم نے حوالہ ہنڈی کے سرگرمیوں کی اطلاع پر ایم اے جناح روڈ پر قائم اکبر کلاتھ مارکیٹ کی دکان نمبر 32پر چھاپہ مار کر دو ملزمان مزمل اور بشیر کو گرفتار کر کے ان سے 55لاکھ روپے مالیت کے بینک چیک اور ٹریولر چیک کے علاوہ الیکٹرونک ٹرانزیکشنز کی رسیدیں بھی بر آمد کر لیں، جبکہ حوالہ کے کام میں استعمال کئے جانے والی ڈیوائسز بھی قبضے میں لے لیں۔ دونوں ملزمان کو لاک اپ کر کے ان سے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More