قومی ترانے کے خالق حفیظ جالندھری کی 36ویں برسی منائی گئی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی ترانے کے خالق ابوالاثر حفیظ جالندھری کی 36 ویں برسی جمعہ کو منائی گئی۔حفیظ جالندھری 14جنوری 1900کو موجودہ بھارتی ریاست پنجاب کے شہر جالندھر میں پیدا ہوئے تاہم قیام پاکستان کے بعد انہوں نے لاہور میں مستقل سکونت اختیار کرلی۔حفیظ جالندھری نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں میں جذبہ حریت بیدار کرنے میں بھرپورکردار ادا کیا۔ حفیظ جالندھری کے بڑے کارناموں میں ایک ’’شاہنامہ اسلام‘‘ ہے جو چار جلدوں میں شائع ہوا جب کہ دوسرا بڑا کارنامہ پاکستان کے قومی ترانے کی تخلیق ہے۔ حفیظ جالندھری کی کئی نظمیں اردو ادب میں شاہکار کا درجہ رکھتی ہیں۔ حفیظ جالندھری کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ہلال امتیاز اور صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔حفیظ جالندھری 21دسمبر 1982کو اس جہان فانی سے کوچ کرگئے اور لاہور میں مدفون ہیں، لیکن ان کا تخلیق کیا گیا قومی ترانہ رہتی دنیا تک گونجتا رہے گا۔