کپل شرما نے کالج کی دوست کو جیون ساتھی بنالیا

0

احمد نجیب زادے
بھارت کے معروف کامیڈین کپل شرما نے اپنی شادی کی خوشی میں استقبالیہ تقریب میریٹ ہوٹل ممبئی میں 24 دسمبر کو رکھی ہے۔ انہوں تصدیق کی ہے کہ بالی وڈ اسٹائل شادیوں کے برعکس ان کی شادی عوامی انداز میں ہوئی ہے۔ کپل کی شادی کا پہلا استقبالیہ اگرچہ ان کے آبائی شہر امرتسر میں ہوچکا ہے، لیکن ان کا دوسرا اور غیر معمولی استقبالیہ ممبئی میں منعقد کیا جارہا ہے، جس کیلئے دعوت نامے ارسال کر دیئے گئے ہیں۔ بھارتی فلمی صحافی کمار بالا جی کا کہنا ہے کہ ساتھی کامیڈین سنیل گروور کے ساتھ گرما گرمی اور جھگڑے نے ان کی شہرت کو داغ لگا دیا تھا اور اس کے بعد انہیں ایک صدمہ اور بھی اُٹھانا پڑا تھا۔ تاہم اب کپل شرما ایک بار پھر بھارتی میڈیا کی شہ سرخیوں میں ہیں۔ یہاں یہ بات بھی دلچسپ ہے کہ اسٹار کامیڈین کپل شرما نے اپنی شادی کو دیگر شادیوں کی نسبت خفیہ رکھنے کے بجائے براہ راست یو ٹیوب پر براہ راست دکھانے کا اہتمام کیا تھا اور اپنے آفیشل چینل کی مدد سے تمام چاہنے والوں کیلئے عوامی دعوت نامہ ارسال کردیا تھا۔ ٹربیون انڈیا نے بتایا ہے کہ کپل شرما نے اپنی لڑکپن کی دوست اور کالج میٹ، گننی چترتھ سے شادی کو اعلان سے قبل بہت حد تک خفیہ رکھا تھا اور اپنے افیئر کے بارے میں کوئی بھی بات کہنے سے گریز کیا تھا۔ لیکن جب ان کے سسر اور ساس مان گئے تو انہوں نے اپنی اور گننی کی شادی کا اعلان کردیا۔ کپل شرما نے اپنی شادی کے حوالہ سے تمام بھارتی ’’پاپا رازی فوٹو گرافرز‘‘ کو کہا تھا کہ وہ جاسوس بننے اور اپنی جان جوکھم میں ڈالنے کی کوشش نہ کریں، بس اتنا کریں کہ جالندھر میں شادی اور امرتسر میں استقبالیے کیلئے اپنا کیمرہ لے کر آجائیں اور میرے ساتھ کھانا بھی کھائیں اور میری اور میری اہلیہ کی فوٹو بنائیں۔ میں اور میری اہلیہ بہت خوش ہوں گے۔ فلم نگری کے خبریوں کا کہنا ہے گننی چترتھ اور کپل شرما کی شادی جالندھر کے ایک تاریخی گوردوارے میں سکھ دھرم کی روایات کے مطابق ہوئی اور اس میں ان کے والدین اور قریبی دوست احباب اور ساتھیوں نے شرکت کی اور پنجابی اسٹائل میں منائی جانے والی خوشیاں شیئر کیں۔ کپل شرما نے ایک انٹرویو میں تصدیق کی ہے کہ جب انہوں نے گننی چترتھ کے والد سے ملاقات کی تھی اور ان سے گننی چترتھ کا ہاتھ مانگا تو ان کے والد نے انہیں ڈانٹتے ہوئے ’’شٹ- اپ‘‘ کہا اور دوسرا لفظ تھا ’’آئوٹ‘‘ یعنی یہاں سے اٹھو اور دفعان ہوجائو۔ کپل شرما کا ماننا ہے کہ ممکنہ سسر جی کی جانب سے اتنے سخت الفاظوںنے ان کا دل تو نہیں توڑا، لیکن ان کو حیران و ششدر ضرور کردیا تھا۔ اپنی بیوی گننی چترتھ کے حوالہ سے ممبئی ٹائمز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں اسٹار کامیڈین کپل شرما کا ماننا تھا کہ ان کی بیوی ان کیلئے بڑی خوش قسمت ثابت ہوئی ہیں، وہ ایک اچھی دوست بھی ہیں اور میرے ساتھ ان کا ہر لمحہ شکر گزاری کے احساس سے بھرا ہوا ہے کیونکہ جب کبھی بھی مجھ پر برا وقت آیا، گننی چترتھ نے میرا ساتھ دیا اور ہر ایسے لمحہ میں گننی کا میرا ساتھ دینا مجھ میں ایک قسم کی نئی انرجی بھر دیتا تھا۔ کپل شرما کا کہنا ہے کہ ان کی گننی سے ملاقات ایچ وی ایم کالج جالندھر میں ہوئی تھی جب میں اسکالرشپ پر پڑھ رہا تھا اور پوزیشن ہولڈر بھی تھا جب کہ اسٹیج پر کام بھی کرچکا تھا۔ اس وقت مجھے کچھ لڑکیوں کا اسٹیج شو کیلئے آڈیشن لینا تھا تب گننی چترتھ بھی میرے سامنے آڈیشن دینے کیلئے آئیں، ان کی عمر محض انیس برس تھی اورمجھے ان کا آڈیشن لینا عجب سا لگ رہا تھا، وہ بہت متاثر کن شخصیت کی مالک تھیں، جب انہیں سلیکٹ کرلیا گیا تو اسٹیج شوز اور دیگر تقاریب میں گننی چترتھ میرے لئے گھر کا بنا ہوا کھانا لے کر آتی تھیں۔ اس پورے دور میں، میںنے ان کو بتا دیا کہ وہی میری پہلی اور آخری چوائس ہیں، لیکن کئی برس تک گننی نے مجھے احساس نہیں ہونے دیا کہ وہ بھی مجھے پسند کرتی ہیں، کئی بار مجھے دوستوں نے بتایا کہ کپل شرما تمہیں گننی پسند کرتی ہیں لیکن جب کبھی میں ان سے استفسار کرتا کہ گننی جی کیا آپ مجھے لائیک کرتی ہیں تو ہمیشہ مسکرا کر وہ مجھے یہی جواب دیتیں۔ نا جی ناں۔ کپل شرما نے مزید کہا ہے کہ جب ممبئی آمد پر میں نے لافٹر چیلنج پروگرام میں شمولیت کیلئے آڈیشن دیا تو مجھے اس میں ناکام قرار دے دیا گیا، جس کے بعد میں ٹوٹ سا گیا۔ میں نے گننی چترتھ کو ٹیلی فون گھمایا اور اس کو بتایا کہ میں فیل ہوگیا ہوں تو اس نے آگے سے کوئی بات کی اور نہ افسوس کا اظہار کیا، بلکہ یہ کہا کہ آپ پلیز مجھے فون نہ کیا کریں۔ اس میں پریشان ہوگیا اور مجھے یقین ہوچلا کہ گننی چترتھ مجھے واقعی لائیک نہیں کرتیں، پیار کا معاملہ محض یکطرفہ ہے، مجھے اس سلسلہ میں صرف خوش فہمی لاحق ہے، ویسے بھی ہماری اور ان (گننی چترتھ) کی ذاتیں بھی الگ الگ ہیں۔ بہر حال اس پریشانی کے باوجود میں نے ’’لافٹر چیلنج‘‘ میں پھر سے آڈیشن دیا اور اس بار میں کامیاب قرار پایا اور آپ یقین کیجئے میں جب کامیاب ہوا تو گننی چترتھ نے خود مجھے فون کیا اور کامیابی کی مبارکباد دی۔ جب میں اچھا کمانے لگا تو میری ماں نے مجھ پر شادی کیلئے دباؤ ڈالنا شروع کر دیا جس پر میں نے ان سے نام لئے بغیر کہا کہ میں ایک لڑکی کو پسند کرتا ہوں، ہے تو سکھنی لیکن ہے غیر ذات کی، جس پر ماں نے مجھے فوری گرین سگنل دے دیا اور کہا کہ اس کے گھر جاکر اس کے والدین کو شادی کا پروپوزل دے۔ اس پر میں وہاں گیا۔ گننی کے والد سے میری ملاقات ہوئی، وہ مجھے کامیڈی وغیرہ کے حوالہ سیجانتے تھے، لہٰذا میں نے ان کے سامنے بیٹھ کر بڑی ہمت جٹائی اور گننی کا ہاتھ مانگا۔ اس پر انہوں نے مجھے چھوٹتے ہی ’’شٹ اپ‘‘ کہا اور دفعان ہوجانے کی صلاح زوردار انداز میں دی۔ اس پر میں منہ لٹکائے چلا آیا لیکن دوسری جانب گننی کا بھی یہ حال تھا کہ انہوں نے میرے پروپوزل کے بعد کسی اور پروپوزل کو قبول نہیں کیا اور والدین پر کپل شرما کا نام ظاہر کئے بغیر یہ کہا کہ وہ فنانس میں ایم بی اے کرنا چاہتی ہیں۔ اس کا واضح مطلب تھا کہ گننی میرے سوا کسی اور پروپوزل کو قبول نہیں کرنا چاہتیں۔ بالآخر میں نے گننی سے ملاقات کی اور اس کو براہ راست کہا کہ میں اب شادی کرنا چاہتا ہوں، لیکن اس پروپوزل پر میں نے کسی کو نہیں بتایا تھا، صرف اپنی ماں کو خبر کی تھی کہ میں دوبارہ سے کوشش کر رہا ہوں، اگر چہ کہ گننی کے والد نے تو منع کردیا ہے لیکن میں خود براہ راست گننی سے بات کرنا چاہتا ہوں تاکہ وہ اپنے والد کو منائے۔ میری خوش قسمتی کہ گننی کے والدین مان گئے اور یوں میں نے ایک بڑی خبر بریک کی ہے۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More