ایکسپو سینٹر میں 14واں عالمی کتب میلہ شروع-شہریوں وطلبا کارش
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ایکسپو سینٹر میں14ویں کراچی بین الاقوامی کتب میلے 2018کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے 5روزہ کتب میلے کا افتتاح کیا، گورنر سندھ عمران اسماعیل، ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئر عامر خان اور رہنما خواجہ اظہار الحسن سمیت مختلف علمی و ادبی شخصیات نے نمائش کا دورہ کیا اور کتابوں میں دلچسپی ظاہر کی۔اس موقع پر اویس مرزاجمیل، عزیز خالد، ڈپٹی کنوینر وقار متین خان، ندیم مظہر، ایم اقبال غازیانی، اقبال صالح محمد، ندیم اختر، کامران نورانی، سلیم عبدالحسین اورناصر حسین بھی موجود تھے۔ پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے تحت منعقدہ میلے میں شہریوں اور طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے رعایتی قیمتوں پر اپنی پسند کی کتابیں خریدیں اور نمائش کے انتظامات کو سراہا۔اس موقع پر گفتگو میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے دور میں عالمی کتب میلہ تازہ ہوا کا جھونکا ہے،یہاں ہر قسم کی کتابیں موجود ہیں اوراردو ادب کو فروغ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق نے کراچی کیلئے ایک بڑی رقم مختص کی ہے، یہاں 4میگا پروجیکٹ کرنے جا رہے ہیں۔ متحدہ رہنما عامر خان کاکہناتھا کہ ایسے حالات میں جب ہر طرف مایوسی پھیلی ہے، کراچی میں کتب میلے کا انعقاد خوش آئند ہے، کراچی علم و ادب کاشہر ہے، یہاں اس طرح کے ایونٹ ہوتے رہنے چاہیے۔ خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی کتب میلے ہونے چاہئیں، حکومت سندھ موبائل لائبریریوں کو فروغ دے کتابوں سے دلچسپی بڑھا سکتی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ نمائش سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کریں۔ نمائش کے پہلے دن آئے ہوئے ادبی، سماجی اور سیاسی شخصیات نے کتب میلے کو شہر کیلئے خوش اائند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی نمائش کراچی کے امیج کو بہتر بنائے گی۔