اسلام آباد(امت نیوز) تحریک انصاف کی کور کمیٹی عمران خان کی ممکنہ طورپربطوروزیراعظم تقریب حلف برداری میں بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کو بھی مدعو کرنے پر غور کررہی ہے۔بھارتی میڈیا نے تحریک انصاف کے رہنما کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ عمران خان وزیراعظم کے عہدہ کا حلف اُٹھانے کی تقریب میں سارک ممالک کے دیگر سربراہان کے ساتھ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی مدعو کرنا چاہتے ہیں تاہم اس معاملے پر ابھی کور کمیٹی میں بحث جاری ہے۔ ۔بھارتی میڈیا کے مطابق تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے بھی بھارتی وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کو خارج از امکان قرار نہیں دیا ۔تاہم اس کے لیے کور کمیٹی متفق ہونے کے بعد وزارت خارجہ سے بھی مشاورت کرے گی۔دریں اثنا ملک کے آئندہ وزیراعظم کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوگی۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد کے ڈی چوک یا پریڈ گراؤنڈ میں وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ایوان صدر کے ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیر اعظم کی حلف برداری ایوان صدر میں ہی ہو گی اور صدر مملکت ممنون حسین منتخب وزیر اعظم سے ایوان صدر میں حلف میں گے۔ذرائع کا کہنا تھاکہ کسی کی خواہش پر حلف برداری کی تقریب باہر منعقد نہیں کی جاسکتی۔