عرب امارات نے 3 ارب ڈالر کے امدادی پیکج کا اعلان کردیا

0

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) میں 3 ارب امریکی ڈالر جمع کروانے کی کا اعلان کردیا۔یو اے ای کے سرکاری خبر رساں ادارے اماراتی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ اعلان پاکستان کی مانیٹری پالیسی میں مدد کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ابوظہبی فنڈز برائے ترقیاتی امور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ یہ رقم آئندہ چند روز کے اندر اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کروائیں گے تاکہ پاکستان کے مرکزی بینک میں غیر ملکی ذرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھایا جاسکے۔اماراتی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ یو اے ای کی جانب سے پاکستان کی مانیٹری پالیسی میں مدد دونوں ممالک اور ان کے عوام کے درمیان تاریخی تعلقات کی بنیاد پر کی جارہی ہے۔خبر رساں ایجنسی کا اپنی رپورٹ میں یہ بھی کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے تمام شعبہ جات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے۔ایس بی پی کو دی جانے والی رقم تقریباً 4کھرب 16 ارب روپے سے زائد ہے جو صحت، توانائی، تعلیم اور روڈ انفرااسٹریکچر کے8جاری منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے۔ ادھر وزیرِ اعظم عمران خان نے اس مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر اماراتی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یو اے ای کی جانب سے رقم کی منتقلی کا اعلان دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے قائم اس دوستی کے رشتے کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا عکاس ہے۔عمران خان نےکہا کہ یو اے ای نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، یہ اقدام ہمارے عزم اوردوستی کی عکاسی کرتا ہے جو سالوں سے ثابت قدم رہی۔اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ رقم پاکستان کے اکاؤنٹ میں رکھنے سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ میں کمی آئے گی اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت میں استحکام آئے گا۔معاشی تجزیہ کار کے مطابق اس مدد سے پاکستان کی معیشت کو استحکام ضرور ملے گا مگر اسے اب بھی آئی ایم ایف کے پاس ضرور جانا چاہیے۔واضح رہے کہ امارات سے قبل سعودی عرب بھی پاکستان کو 12ارب ڈالر کا پیکج دینے کا اعلان کر چکا ہے۔رواں برس 23اکتوبر کو وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر پاکستان کے وزیر خزانہ اسد عمر اور سعودی وزیر خزانہ محمد عبداللہ الجدان کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس کے مطابق سعودی عرب پاکستان کے اکاؤنٹ میں 3ارب ڈالر ایک سال کے لیے جمع کروائے گا جس کا مقصد ادائیگیوں کے توازن کو سہارا دینا ہے۔اب تک ان میں سے 2ارب ڈالر پاکستان کے اکاؤنٹ میں آچکے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More