اسکیم 33 میں سیاسی شخصیات – افسران گٹھ جوڑ سے جعلی الاٹمنٹ کی تحقیقات

0

کراچی (رپورٹ:نواز بھٹو) نیب نے اسکیم 33 میں اہم سیاسی و حکومتی شخصیات اور اعلیٰ افسران کے گٹھ جوڑ سے 4 دیہوں سمیت دیگر علاقوں کی سینکڑوں ایکڑ زمین کی جعلی الاٹمنٹ کی تحقیقات شروع کردیں ۔ذرائع کے مطابق تحقیقات کی ابتدا ہی میں نیب نے اہم شواہد حاصل کرلئے ہیں جن کی بنا پر محکمہ ریونیو او ر ڈپٹی کمشنر شرقی کو اراضی الاٹمنٹ کے حوالے سے 10سالہ ریکارڈ فراہم کرنے کیلئےایک ہفتے کی مہلت دیدی۔ تفصیلات کے مطابق نیب حکام نے کراچی کے ضلع شرقی میں اہم سیاسی و حکومتی شخصیات اور اعلیٰ افسران کے گٹھ جوڑ سے جعلی انٹریوں ، ریکارڈ میں جعلسازی کے ذریعے اربوں روپے مالیت کی سیکڑوں ایکڑ زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی تحقیقات شروع کر دی ہے ۔ زیادہ تر زمین جعلی کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے نام پر کی گئی جو بعد میں چائنا کٹنگ کے نذر ہو گئی ۔ نیب نے اہم شواہد کی بنیاد پر باضابطہ تحقیقات کا آغاز کیا جس کے دوران اسکیم 33کی 4دیہہ دوزان ، سونگل، تھومنگ ، بٹی آمری اور دیہہ پاٹ گجڑو میں جعلی انٹریوں کے ذریعے سیکڑوں ایکڑ زمین کوڑیوں کے مول جعلسازی سے الاٹ کرنے کا انکشاف ہوا۔نیب حکام کو ملنے والے ریکارڈ کے مطابق دیہہ دوزان میں انٹری نمبر 34/31/11-83-53/30/9-93-92 /7- 28/10/6-26/6-3/33/72-26,38, 37-26/4/33-36/6-4037,33/5-2,4-1,3 سمیت دیگر انٹریاں جعلسازی کے ذریعے کی گئی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق تمام انٹریاں اور سروے نمبر ڈپٹی کمشنر شرقی اور ملیر کو بھی فراہم کئے گئے ہیں جس میں دریافت کیا گیا ہے کہ یہ زمین کس قیمت پر الاٹ کی گئی کس کی منظوری سے الاٹ ہوئی اور انٹریاں کرنے والے افسران مختیار کار اور تپیدار کون تھے اور اس زمین کی موجودہ قیمت کیا ہے۔نیب حکام نے ڈپٹی کمشنر شرقی کو دیہہ سونگل کے 79سروے نمبر اور انٹری نمبر دئیے گئے ہیں جن میں 140،142،144،143 ،24،25،28 ،197،228شامل ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق ان کو اپنے ذرائع سے موصول ہونے والے ریکارڈ کے مطابق دیہہ بٹی آمری میں 4،4،2،1- 21- 22- 23 – 182- 183-184-187-188-73 کے ذریعے غیر قانونی الاٹمنٹ کی گئی ۔ نیب حکام کی طرف سے ڈپٹی کمشنر شرقی کو دیہہ تھومنگ 35/39, 36/40, 36/40, 35/39, 14,13-10/26, 25/7 سمیت 4انٹریوں کی بھی تفصیلات ارسال کی ہیں ۔ نیب ذرائع کے مطابق جعلی انٹریوں کی وجہ سے اس علاقے میں کئی ہاؤسنگ سوسائٹیاں وجود میں آئی ہیں جن کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے اور متعلقہ محکمے سے تفصیلات طلب کی گئی ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر سے دریافت کیا گیا ہے کہ اس علاقے میں الاٹمنٹ کی منسوخی کے کتنے کیس ریکارڈ پر ہیں اور یہ بتایا جائے کہ کس بنیاد پر منسوخی کی گئی ۔ نیب حکام نے اس سلسلے میں سیکریٹری ریونیو ، سینئر ممبر لینڈ یوٹیلائزیشن، ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی اور گلزار ہجری اسکیم 33کے مختیار کار کو ریکارڈ فراہم کرنے کے لئے لیٹر ارسال کئے جس پر انہوں نے گزشتہ روز 10سال کا ریکارڈ فراہم کرنے کے لئے مہلت مانگی جس پر نیب نے آئندہ ہفتے کے آخر تک کی مہلت دے دی ہے۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت کی تحقیقات میں ہم سیاسی اور حکومتی شخصیات کے ملوث ہونے کے بھی شواہد ملے ہیں جن کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More