فٹبال ورلڈ کپ 2018 دنیا کی نصف سے زائد آبادی نے دیکھا
زیورخ (امت نیوز) فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے رواں سال منعقدہ ورلڈ کپ کے نشریاتی اعدادوشمار جاری کردیے جس کے مطابق اس سال عالمی کپ کو دنیا کی آدھی سے زائد آبادی نے دیکھا۔عالمی کپ رواں سال 14 جون سے 15 جولائی تک روس میں منعقد ہوا تھا جسے ساڑھے 3 ارب سے زائد لوگوں (3.572 ارب) نے دیکھا اور یہ تعداد ملک کی آدھی آبادی سے زیادہ ہے۔دنیا بھر میں رواں سال 3.2 ارب لوگوں نے ٹی وی فٹبال ورلڈ کپ کو دیکھا ¾ 30 کروڑ 97 لاکھ افراد نے گھر کے بجائے ریسٹورنٹ، بار یا دیگر عوامی مقامات پر میچ دیکھنے کو ترجیح دی جس سے ورلڈ کپ دیکھنے والوں کی تعداد میں 9.5 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔اعدادوشمار کے مطابق 15 جولائی کو کروشیا اور فرانس کے درمیان منعقدہ ورلڈ کپ فائنل کو دنیا بھر میں مجموعی طور پر 1.12 ارب لوگوں نے دیکھا۔ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 64 میچ کھیلے گئے جس میں براہ راست میچ دیکھنے والوں کی اوسط تعداد 19 کروڑ 10 لاکھ تھی۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ 2014 میں برازیل میں منعقدہ عالمی کپ میں 1.95 ارب لوگوں نے کم از کم 30 منٹ تک براہ راست میچ ٹی وی پر دیکھا تھا تاہم 2018 میں اس تعداد میں اضافہ دیکھا گیا اور مجموعی طور پر ڈھائی ارب افراد نے کم از کم آدھے گھنٹے تک عالمی کپ دیکھا۔
٭٭٭٭٭