ایمپریس مارکیٹ کے تاجروں کی میئر کراچی کیخلاف احتجاجی ریلی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر کے بیان پر ایمپریس مارکیٹ کے تاجر سراپا احتجاج بن گئے۔انہوں نے صدر کی سڑکوں پر ریلی نکالتے ہوئے میئر کے خلاف نعرے بازی کی۔مظاہرین نے میئر کے خلاف آج پریس کلب کے باہر دھرنے کا بھی اعلان کیا ہے ۔گزشتہ دنوں میئر کراچی نے تقریب میں کہا تھا کہ ایمپریس مارکیٹ میں تجاوزات آپریشن کے دوران اسلحہ ، منشیات اور دیگر اشیا برآمد ہوئی تھیں، جس پر تاجر برادری نے کہا کہ کئی سالوں سے شہر کو یرغمال بنانے والے آج ہم پر اسلحہ رکھنے کا الزام لگا رہے ہیں۔امت کو ایکشن کمیٹی کے سربراہ ابراہیم میمن نے بتایا کہ میئر کے بیان میں صداقت ہے ، تو اسلحہ و دیگر اشیا میڈیا یا پھر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سامنے پیش کیا جائے۔میئر کی معافی مانگنے تک احتجاج جاری رہے گا۔وسیم اختر نے متاثرین پر جھوٹا الزام لگاکر ان کے زخموں کو پھر سے تازہ کردیا۔