کوہستان میں جرگے کے حکم پر لڑکیوں سمیت 4 افراد قتل

0

ایبٹ آباد(نمائندہ امت) کوہستان میں جرگے کے حکم پر2 لڑکیوں سمیت4 افراد کو قتل کردیا گیا۔ چاروں نوجوان کزنز کو غیرت کے نام پر گولیاں ماری گئیں۔ ایک مقتولہ کے والد کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ مرکزی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ ’’امت ‘‘کو کوہستان کے مقامی زرائع نے بتایا ہے کہ گائوں لیٹر میں جمعہ کی رات غیرت کے نام پر 4 کم عمر نوجوان لڑکے لڑکیوں جو کہ آپس میں قریبی رشتہ دار تھے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ہے۔قتل ہونے والے لڑکے اور لڑکیاں چچا زاد،تایا زاد ہیں اور مشترکہ خاندانی نظام کے تحت رہ رہے تھے ،جس میں گھروں کے حصے تو الگ الگ تھے ،مگر ایک ہی چھت کے نیچے تھے۔ مقامی زرائع کے مطابق چاروں کے قتل کا فیصلہ مقامی طو رپر جرگے میں کیا گیا تھا اور جرگے کے بعد چاروں کو آنکھوں پر پیٹیاں باندھ کر لایا گیا اور گولیاں مار دی گئیں۔ اس موقع پر چاروں زاروقطار روتے رہے اور جان بخشی کیلئے منتیں کرتے رہے ،مگر قاتلوں کو رحم نہیں آیا ۔ پولیس تھانہ لیٹرکوہستان کے ذرائع نے ’’امت ‘‘کو بتایا کہ قتل ہونے والوں کی عمریں 18 سے 20 سال کے درمیان تھیں۔ ایک مقتولہ کے والدنے پولیس اسٹیشن لیٹر میں واقعے کی رپورٹ درج کروائی ہے اور اس میں ایک مقتول نوجوان کے والد کو نامزد کیاہے ،جو کہ لڑکیوں کا بھی قریبی بزرگ رشتہ دار بتایا جاتا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایلیٹ فورس کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ چکی ہے اور چاروں لاشوں کا پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد رات گئے ان کی آخری رسومات کے لئے مقامی گاوٴں پہنچا دی گئیں تھیں ،تاہم مرکزی ملزم کو گرفتار نہیں کیاجاسکا تھا۔ کئی ایک ذرائع نے مقتولہ لڑکی کے والدکی جانب سے مقتول لڑکے کے والد پر مقدمے کے اندراج پر بھی اپنے شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More