ریلوے کے 77 فیصد ٹریک کی طبعی عمر پوری

0

اسلام آباد(اویس احمد) پاکستان ریلوے کی تقریباً 80 فیصد پٹریاں اپنی طبعی عمر پوری کر چکی ہیں، جبکہ ریلوے کے 86 فیصد چھوٹے بڑے پل ایک سو سال سے بھی پرانے ہیں۔ پاکستان ریلوے سی پیک کے تحت پشاور تا کراچی مین لائن (ایم ایل ون) کی اپ گریڈیشن پر توجہ دے رہا ہے، جس سے ریلوے کا اہم ترین ٹریک اپ گریڈ ہونے کے علاوہ پشاور سے کراچی ریلوے لائن دوہری ہو جائے گی۔ دستیاب دستاویزات کے مطابق ریلوے کا 77.1فیصد ٹریک اپنی طبعی عمر پوری کر چکا ہے۔ 3ہزار58کلومیٹر طویل کراچی لاہور پشاور (مین لائن ون ) کا 53فیصد حصہ اپنی طبعی عمر پوری کر چکا ہے، ایک ہزار 254کلومیٹر طویل کوٹری کوٹ ادو اٹک (مین لائن ٹو) کا 85.85فیصد حصہ اپنی طبعی عمر پوری کر چکا ہے، 967 کلومیٹر طویل روہڑی جیکب آباد کوئٹہ تفتان (مین لائن تھری) کا 88.55فیصد حصہ اپنی طبعی عمر پوری کر چکا ہے، جبکہ پاکستان ریلوے کی دیگر گزرگاہیں جن کی مجموعی طوالت 3ہزار916کلومیٹر ہے کا 81فیصدحصہ اپنی طبعی عمر پوری کر چکا ہے۔ دستایزات کے مطابق پاکستان ریلوے کے ٹریک پر اس وقت مجموعی طور پر 13ہزار959 چھوٹے بڑے پل موجود ہیں، جن میں سے 86فیصد پل ایک سو برس سے بھی پرانے ہیں۔ تاہم پاکستان ریلوے کا کہنا ہے کہ پلوں کے جائزے کے لیے سخت ایس او پیز بنائے گئے ہیں ،جن کے تحت ریلوے ماہانہ، سہ ماہی، ششماہی اور سالانہ بنیادوں پر ان پلوں کا جائزہ لیتی ہے اور پلوں کی مرمت، بحالی اور استحکام کا عمل مسلسل جاری و ساری رہتا ہے، جبکہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کے تحت 230پلوں کی بحالی و مرمت بھی کی گئی ہے۔ اسی موثر مرمت و بحالی کی بنیاد پر پاکستان ریلوے کے ان پلوں کو ٹرین گزارنے کے لیے محفوظ تصور کیا جاتا ہے۔ پاکستان ریلوے کے مطابق آئندہ پانچ برسوں کے دوران سی پیک کے تحت پشاور سے کراچی مین لائن ون کو اپ گریڈ کردیا جائے گا، جبکہ اس کے علاوہ مختلف پی ایس ڈی پی منصوبوں کے تحت پاکستان ریلوے کے ٹریک کے تقریباً 730 کلومیٹر حصے کو مکمل یا نیم بحال کر دیا گیا ہے، جس میں سلیپرز اور ٹریک کی تبدیلی وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان ریلوے کے سکھر ڈویژن میں ٹریک اور پلوں کی بحالی کا ایک منصوبہ زیر غور ہے ،جس کا پی سی ون زیر تکمیل ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More