کراچی(اسٹاف رپورٹر)تھانہ رضویہ کی حدود میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے پی ایس پی کے دفترمیں بیٹھے 2کارکن جاں بحق اور2 زخمی ہوگئے۔واقعے پر مشتعل کارکنان نے عباسی شہید اسپتال میں ہنگامہ آرائی کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ6 ملزمان3موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔ تفصیلات کے مطابق کی حدود جہانگیر آباد عثمانیہ سوسائٹی میں واقع پاک سرزمین پارٹی کے ٹاؤن آفس پر موٹر سائیکلوں پر سواردہشت گرداندھا دھند فائرنگ کر کے فرار ہوگئے۔فائرنگ سےپی ایس پی کے2کارکن جاں بحق جبکہ 2زخمی ہو گئے۔فائرنگ سے علاقے میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف وہراس پھیل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی ۔جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو علاج کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس تھانہ رضویہ نے موقع سے نائن ایم ایم پستول کے 11خالی خول قبضے میں لے لئے ہیں ۔پولیس کے مطابق عباسی شہید اسپتال میں مقتولین کی شناخت40سالہ اظہر ولد رحمت اور 35سالہ نعیم ولد رمضان کے نام سے ہوئی ۔زخمیوں میں 30سالہ فہد و 38سالہ ناصر شامل ہیں ،تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔حملے کی اطلاع ملتے ہی پی ایس پی رہنماؤں کی بڑی تعداد اور کارکنان بھی اسپتال پہنچ گئے۔ مشتعل کارکنان نے اسپتال میں ہنگامہ آرائی شروع کر دی۔ عینی شاہدین کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی تعداد6تھی ،جو 3موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔دہشت گردوں نے پی ایس پی دفتر کے اندر گھس کر فائرنگ کی۔ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سینٹرل سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔