کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین ایم شیخ کی سر براہی میں دو رکنی بنچ نے ملیر بکرا پیڑی میں بیوپاریوں سے غیر قانونی رقم وصولی کے خلاف دائر درخواست پر ایس پی ملیر کو تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے 10اگست تک رپورٹ طلب کرلی۔ سماعت پر ایس پی ملیر سمیت دیگر پیش ہوئے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملیر بکرا پیڑی میں فی جانور 6سے8سو روپے وصول کیے جارہے ہیں۔ پولیس کی ملی بھگت سے مقامی افراد بیوپاریوں سے رقم وصول کررہے ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیسے لوگوں کو لوٹا جارہا ہے اور پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ابھی تو منڈی لگنا شروع ہوئی ہے لگتا ہے پھر سے لوگوں کو لوٹا جائے گا۔جسٹس خادم حسین ایم شیخ نے ریمارکس میں کہا کہ قانون کو حرکت میں آنا ہوگا۔زیادتی بند ہونی چاہئے۔بعد ازاں عدالت نے ایس پی ملیر کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے 10اگست تک رپورٹ طلب کرلی۔