چیف جسٹس سے کونسل کی سربراہی چھوڑنے کا مطالبہ
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سپریم جوڈیشل کونسل میں جسٹس شوکت صدیقی کے خلاف ریفرنس کی کھلی عدالت میں سماعت کے دوران طارق اسدایڈووکیٹ نے چیف جسٹس پاکستان کی بطور چیئرمین کونسل الگ ہونے کی استدعاکردی ، جبکہ سپریم جوڈیشل کونسل نے کہاہے کہ جب طارق اسدایڈووکیٹ کے ریفرنس کی سماعت کاوقت آئیگااس وقت دیکھیں گے ۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے خلاف ریفرنس پر سماعت شروع ہوئی تواس دوران طارق اسدایڈووکیٹ پیش ہوئے اور انھوں نے بتایاکہ چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس دائر کیا ہے۔استدعا ہے کہ میرے ریفرنس کو بھی سنا جائے،اس پر تاحال کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا۔ جسٹس گلزارنے کہاکہ آج ہمارے سامنے وہ کیس مقرر نہیں ہوا۔ طارق اسدنے کہاکہ چیف جسٹس کو ریفرنس کی موجودگی میں کونسل کا حصہ نہیں ہونا چاہیے۔ آج والا ریفرنس حساس اداروں کی ہدایت پر مقرر ہوا۔جسٹس آصف سعیدخان کھوسہ نے کہاکہ ٓاپ کو سن لیا ہے اب اپ روسٹرم سے ہٹ جائیں۔