ڈہرکی میں کراچی ایکسپریس بال بال بچ گئی

0

ڈہرکی (نمائندہ امت) ڈہرکی میں کراچی ایکسپریس بڑے حادثے سے بچ گئی۔ پھاٹک پر عملہ تعینات نہ ہونے کی وجہ سے کار ٹرین کی زد میں آکر کار ٹکڑے ٹکڑے ہوگئی، مالک اور ڈرائیور نے کود کر جان بچائی۔ اطلاع پر علاقہ مکین اور ریلوے پولیس پہنچ گئی۔ روہڑی سے امدادی ٹیمیں طلب، عارضی اپ ڈاؤن ٹریک معطل کرکے ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک دیا گیا۔ ڈہرکی پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق ڈہرکی میں ریلوے انتظامیہ کی نااہلی کے باعث کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس ایک بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی ہے، ڈہرکی کی سانکو پھاٹک پر ٹریک کا مرمتی کام چل رہا تھا کہ گزشتہ رات داد لغاری سے گڑھی چاکر جانے والی کار پھاٹک کراس کرتے ہوئے پھنس گئی۔ کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی ٹکر میں کار کے ٹکڑے ٹکڑے ہوگئے، کار سوار مالک علی محمد بوزدار اور ڈرائیور غلام فرید شیخ کود کر جان بچائی، ٹرین کی کار کو ٹکر سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع پر علاقہ مکین اور ڈہرکی ریلوے پولیس پہنچ گئی۔ روہڑی لوکو شیڈ سے امدادی ٹیموں کو طلب کیا گیا ۔ اپ ڈاؤن ٹریک عارضی طور پر معطل کیا گیا، جبکہ کراچی اور لاہور جانے والی ٹرینوں کو صادآباد، رحیم یار خان، گھوٹکی، روہڑی میں اسٹاپ کرایا گیا۔ امدادی ٹیموں نے ٹریک میں پھنسی کار کے ملبے کو ہٹایا گیا جس کے بعد ریلوے ٹریک کو بحال کیا گیا۔ دوسری طرف ڈہرکی پولیس کار ڈرائیور غلام فرید شیخ کو گرفتار کرلیاہے، مذکورہ پھاٹک پر ریلوے انتظامیہ کی طرف سے گیٹ بھی نہیں لگائے گئے ہیں اور کھلے پھاٹک پر چوکیدار کو بھی تعینات نہیں کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے حادثات روز کے معمول بن گئے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More