10 لاکھ کی ڈکیتی میں ملوث 2 ملزمان سمیت 18 پکڑے گئے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شاہ لطیف میں 10 لاکھ کی ڈکیتی کے مقدمے میں مزید 2 ملزمان پکڑے گئے، جب کہ رینجرز نے مختلف علاقوں سے 16 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف پولیس نے خلد آباد کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان عنایت اور شوکت کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کا ایک ساتھی ظہیر احمد پہلے گرفتار کیا جاچکا ہے ۔ملزمان 27 نومبر کو ہونے والی 10 لاکھ کی ڈکیتی کے مقدمے میں بھی پولیس کو مطلوب تھے۔ایس ایچ او شاہ لطیف نے بتایا کہ 11 دسمبر کو مرکزی ملزم ظہیراحمد کو ڈکیتی میں استعمال ہونے والی گاڑی سمیت گرفتار کیا تھا۔ملزمان عنایت اور شوکت کو سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے شناخت کیا گیا۔ملزمان پر گھوٹکی میں 10 سے زائد سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔ دونوں ملزمان پر کراچی کے مختلف تھانوں میں بھی فائرنگ، اقدام قتل اور ڈکیتی سمیت سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے 14 ملزمان بادشاہ خان ،شکیل احمد عرف احمد، معراج واچانی،علی رضا عرف سجو،پرویز اقبال ،دانش اقبال ،محمد الیاس عرف علیا،شاہد عرف شادا ،عبدالحسیب ،محمد بابر ،جبران علی ، محمد زبیر ، اسامہ احمد اور کاوش کو گرفتار کرلیا۔اعلامیے کے مطابق ملزمان ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔گبول کے علاقے میں رینجرزنے پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرکے 2 منشیات فروشوں الہٰی بخش عرف ہیلواور جبران عرف امی والا کوگرفتار کرکے اسلحہ، ایمونیشن اور منشیات بر آمد کرلی ۔